وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری 30 شدت پسند ہلاک کئی ٹھکانے تباہ

میرجونی اوردتہ خیل کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کی موجودگی پرکارروائی ،ٹھکانوں بمباربننے کی تربیت دی جاتی تھی،ذرائع

علاقے سے بڑے پیمانے پرلوگ بنوں، ڈی آئی خان، کوہاٹ، لکی مروت، پشاورو دیگراضلاع منتقل ہورہے ہیں، کوئی کیمپ نہیں بنایا گیا۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق منگل کی صبح شمالی اورجنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پربمباری سے30شدت پسند ہلاک اور متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے۔


فوجی حکام کے مطابق پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال،گڑیوم کے علاقے میرجونی اوردتہ خیل کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پربمباری کی جس کے نتیجے میں15شدت پسندہلاک ہو گئے۔جنوبی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 12 شر پسند مارے گئے۔ جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے متعددٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا جہاں پر خود کش بمبار بننے کی تربیت دی جاتی تھی۔ پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی مختلف علاقوں میں پروازیں جاری ہیں جس کے باعث علاقہ مکینوں میں شدیدخوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔

واضح رہے پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے 2 روز قبل بھی شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی کے علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کر کے 20 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ بی بی سی کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دی گئی ہلاکتوں کی تعداد مختلف علاقوں میں کارروائی کی تفصیلات کے اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتی۔ این این آئی کے مطابق دوسری جانب شمالی وزیرستان سے لوگوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی جاری ہے اورلوگ بنوں ، ڈیرہ اسماعیل خان ، کوہاٹ ،لکی مروت اور پشاور سمیت دیگراضلاع منتقل ہورہے ہیں،نقل مکانی کرنے والوں کیلیے اب تک حکومت کی جانب سے کوئی کیمپ نہیں بنایاگیاہے،بیشتر افراد کرائے کے مکانات یااپنے رشتے داروں کے ہاں قیام کر رہے ہیں۔
Load Next Story