دہشت گرد رہا ہوتے رہے تو جنگ نہیں جیتی جاسکتی بلاول بھٹو

عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو لوگوں کا عدلیہ سے اعتبار اٹھ جائیگا،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

پیپلز پارٹی آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کیس کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔فوٹو:فائل

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو لوگوں کا عدلیہ سے اعتبار اٹھ جائیگا، عدالتیں دہشتگردوں کو رہا کرتی رہیں تو دہشت گردوں کیخلاف جنگ کبھی نہیں جیتی جا سکتی۔


ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو نوڈیرو ہائوس میں ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کے وکلا کی جانب سے دیے گئے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، ایم این اے فریال تالپور، ہائیکورٹ بار کے رہنماآصف عبدالرزاق سومرواور دیگر بھی موجود تھے، بلاول کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، انکے 2 بیٹوں کوشہید کیا گیا، شہید بینظیر بھٹو کو قتل کیا گیا تاہم انھیں بھی انصاف نہیں ملا، پیپلز پارٹی آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کیس کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔دہشتگردوں کیخلاف صرف کراچی پولیس ہی میدان عمل میں ہے اور ان سے لڑ رہی ہے۔

عمران خان اور تحریک انصاف کا طالبان کیخلاف جاری آپریشن کی حمایت کا یوٹرن قابل تعریف ہے ، ان کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔قبل ازایں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دبئی سے کراچی آنے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے گڑھی خدا بخش پہنچے، جہاں انھوں نے اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو، والدہ شہید بینظیر بھٹو اور دیگر شہدا کے مزاروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کرکے پھولوں کی چادریں چڑھائیں،بعدازاں وہ نو ڈیرو بھٹو ہائوس روانہ ہوئے جہاں انھوں نے پارٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کی ،اس موقع پر پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی مرکزی صدر ایم این اے فریال تالپور بھی موجود تھیں ۔
Load Next Story