نواز شریف پر قائم کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائیں گے شہباز شریف

نئی کابینہ کی تشکیل اپوزیشن رہنماؤں کی مشاورت کے ساتھ ہوگی، صدر مسلم لیگ (ن)

الحمدللہ، وطن عزیز اور پالیمنٹ کا ایوان آخر شب ایک سنگین بحران سے آزاد ہوا، شہباز شریف (فوٹو : فائل)

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف پر قائم کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائیں گے۔

اپوزیشن کے نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر امن ممکن نہیں، قومی ہم آہنگی میری پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی کابینہ کی تشکیل اپوزیشن رہنماؤں کی مشاورت کے ساتھ ہوگی، کوشش ہوگی کہ ملکی معیشت بہتر کرکے عوام کو ریلیف دے سکیں، ملک میں نئے دور کا آغاز کریں گے، باہمی احترام کو فروغ دیں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ میاں نواز شریف کب واپس آئیں گے اور ان کے کیسز کا کیا بنے گا؟ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ میاں نواز شریف کے کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائیں گے۔


قبل ازیں شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اللہ تعالی نے رمضان کے مبارک ماہ میں اس قوم پر اپنی خصوصی رحمتیں نازل فرمائیں، الحمدللہ، وطن عزیز اور پارلیمنٹ کا ایوان آخر شب ایک سنگین بحران سے آزاد ہوا، پاکستانی قوم کو ایک نئی سحر اور سحری مباک ہو، اللہ تعالی، پاکستان اور آپ سب کا حامی و ناصر ہو، آمین۔



واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی، جس کے بعد عمران خان اب وزیراعظم نہیں رہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ اللہ نے قوم کی دعائیں قبول کرلی، متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے انتہائی ہمت کا مظاہرہ کیا جس کی تاریخ میں کم مثال ملتی ہے، کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنائیں گے لیکن قانون اپنا راستہ لے گا۔
Load Next Story