گھوڑے کو ٹرین میں ساتھ لیکر سفر کرنا مالک کو مہنگا پڑ گیا
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ انوکھہ واقعہ بھارتی ریاست ویسٹ بنگال کے شہر کولکتا میں پیش آیا جہاں ایک شہری اپنے گھوڑے کے ساتھ ٹرین میں چڑھ گیا جس کے بعد جانور کے سفر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس نے ریلوے ایکٹ کی خلاف ورزی پر گھوڑے کے مالک کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ گرفتار شہری نے ٹرین پر ڈکشن نامی علاقے سے نیٹرا تک کا سفر کیا۔
پولیس نے کہا کہ تقریباً 23 کلو میٹر تک سفر طے کرنے کے بعد گھوڑا اور اس کا مالک نیٹرا نامی علاقے میں قائم اپنے گھر پہنچا تو پولیس نے کارروائی کرکے شہری کو گرفتار کرلیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافر ٹرین میں جانوروں کے سفر کی اجازت نہیں، انہیں جانوروں کی ایک سے دوسری جگہ منتقلی کے لیے خصوصی طور پر ٹرین کا مخصوص خانہ بک کرانا ہوتا ہے۔
مقامی پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سفر کے دوران گھوڑے کی موجودگی پر ٹرین میں کئی مسافر خوف وہراس کا بھی شکار رہے۔