محمد رضوان مجھ سے بہتر کھلاڑی ہے کامران اکمل کا اعتراف
محمد رضوان ایک اچھا کرکٹر بن کر سامنے آیا، جس نے قومی کپتان سرفراز کی جگہ لی، کامران اکمل
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر کامران اکمل نے اعتراف کیا ہے کہ محمد رضوان مجھ سے بہتر کھلاڑی ہے۔
کراچی میں قائم نیا ناظم آباد اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ محمد رضوان ایک اچھا کرکٹر بن کر سامنے آیا ہے، جس نے قومی کپتان محمد سرفراز کی جگہ حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ اب رضوان کی جگہ پانے کے لیے آنے والے کھلاڑیوں کو اس کے مقابلے میں دگنی کارکردگی دکھانی ہوگی، میرے جیسا کھلاڑی رضوان کا متبادل نہیں ہو سکتا کیونکہ وہ مجھ سے بہتر کھلاڑی ہے، میں نہیں کہہ رہا کہ مجھے رضوان کی جگہ دی جائے۔
کامران اکمل نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں رضوان کی ایسی کارکردگی رہی تو حارث، روحیل نذیر اور بسمہ اللہ خان میں سے کوئی رضوان کی جگہ حاصل نہیں کرسکتا۔
دورۂ آسٹریلیا سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے قومی کرکٹر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں خود غرضانہ کرکٹ کھیلی گئی، مجموعی طور پر خراب کارکردگی سے کوئی مثبت اثر نہیں آیا، پاکستان کو فائدہ پہنچانے کے بجائے بابراعظم یا کوئی دوسرا کھلاڑی خود کو بچانے اور اپنی ذات کے لیے کھیلے، یہ عمل درست نہیں ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ تجربات کرنے سے پاکستان کرکٹ کو بہت نقصان پہنچا ہے،عمران خان کے دور اقتدار میں کہتا رہا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کا بند کرنا نقصان دہ ہے۔
انہوں نے ریٹائرمنٹ سے متعلق پوچھے جانے والے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب محسوس کیا کہ کرکٹ کے لیے موزوں نہیں تو کھیل کو خیرباد کہہ دوں گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں کامران اکمل نے کہا کہ اچھے کھلاڑی سامنے لانے کے لیے ان کو زیادہ سے زیادہ گراؤنڈ دینا ہوگا، تجربے کی بدولت کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار آئے گا۔