اعظم خان ‏شہباز گل شہزاد اکبر سمیت 6 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل

سابق حکومت کی نمایاں شخصیات اور بیورو کریٹس کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

سابق حکومت کی نمایاں شخصیات اور بیورو کریٹس کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

لاہور:
سابق حکومت کی نمایاں شخصیات اور بیورو کریٹس کے بیرون ملک جانے کے خدشے کے پیش نظر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے تین بیورو کریٹس اور مشیروں سمیت چھ افراد کے نام اسٹاپ لسٹ پر ڈال دیے۔

ان افراد کو بیرون ملک جانے سے روک کر واپس بھجوانے کی ہدایات کی گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی تبدیلی کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، مشیران ‏شہباز گل، شہزاد اکبر، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور محمد رضوان، سابق ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے ایکٹیوسٹ ارسلان خالد کے نام اسٹاپ لسٹ پر ڈالنے کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔


تمام چھ افراد کے متعلق معلومات نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں اور بارڈر سیکورٹی چیک پوائنٹس پر مہیا کی گئی ہیں اور امیگریشن حکام سے کہاگیا ہے کوئی بھی شخص بیرون ملک جانا چاہے تو روک کر واپس بھجوا دیا جائے۔

ایف آئی اے کے سینئر آفیسر کا کہنا تھا کہ تین بیورو کریٹس اور مشیران سمیت چھ افراد کو اسٹاپ لسٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ مزید کو بھی رکھا جائے گا ۔ آفیسر کا کہنا تھا کہ چونکہ آئی بی ایم ایس نظام مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہے تو ایسے میں نام یا لسٹ خود کار انداز میں ہیڈکوارٹر سے اپ لوڈ ہوتی ہے اور انفرادی طور پر اسی وقت پتہ چلتا ہے جب کسی مسافر کے کوائف سسٹم میں ہٹ ہوتے ہیں جسکے بعد ایف آئی اے امیگریشن ایکشن لیتا ہے ۔
Load Next Story