سعودی عرب شامی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے سے باز رہے روس کا انتباہ

شامی باغیوں کیلئے پاکستان سے راکٹ لانچر اور میزائل شکن ٹینک خریدنے کی خبروں پر بھی شدید تشویش ہے، روسی وزارت خارجہ


AFP February 26, 2014
اسلحہ شامی باغیوں کے ہاتھ میں آ گیا تو اس کا استعمال مشرق وسطی کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ہوگا، روس۔ فوٹو؛ فائل

روس نے سعودی عرب کو خبر دار کیا ہے کہ وہ شامی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے سے باز رہے کیونکہ اس سے نہ صرف مشرق وسطی بلکہ دیگر ممالک کو بھی خطرہ لاحق ہو جائے گا۔


غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کو سعودی عرب کی جانب سے شامی باغیوں کے لئے پاکستان سے راکٹ لانچر، میزائل شکن ٹینک اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل خریدنے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں پر بھی شدید تشویش ہے۔


روسی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر یہ اسلحہ شامی باغیوں کے ہاتھ میں آ گیا تو اس بات کا امکان بہت زیادہ ہے کہ اس اسلحہ و بارود کو مشرق وسطی کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی استعمال کیا جائے۔ دوسری جانب پاکستانی دفتر خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے شامی باغیوں کے لئے اسلحہ کی خریداری کے حوالے سے تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔


واضح رہے کہ شام میں 2011 سے شروع ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ روس شامی صدر بشار الاسد کی مکمل حمایت کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔