نائیجیریا میں شدت پسندوں نے ریاست یوبی کے ایک اسکول پر حملہ کر کے 59 طالب علموں کو قتل جب کہ درجنوں کو زخمی کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بوکو حرم شدت پسند گروپ کے اہلکاروں نے نائیجیریا کی ریاست یوبی میں بنی یادی کے گورنمنٹ کالج پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 59 طلبا یا تو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا یا پھر جلا کر راکھ کر دیا گیا جب کہ درجنوں طالب علم زخمی بھی ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ قریبی علاقوں سے زخمی طلبہ کو اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بوکو حرم شدت پسندوں نے کالج کی 24 عمارتوں بشمول اسٹاف کوارٹرز کو مکمل طور پر جلا دیا۔
نائیجیریا کے صدر گڈ لک جوناتھن نے کالج پر حملے میں طالب علموں کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی مایوس کن اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
واضح رہے کہ بوکوحرم کے شدت پسندوں نے رواں ماہ 300 سے زائد لوگوں کو قتل کر چکے ہیں جب کہ گزشتہ برس جون میں بھی مموڈو کے قریبی گاؤں میں حملہ کر کے 22 طالب علموں کو قتل کر دیا تھا۔