حسن علی انگلش فاسٹ بولر اینڈرسن سے کون سی گیند کروانا سیکھنا چاہتے ہیں

قومی کرکٹر نے سال 2016 میں لنکاشائر کی پہلی بار نمائندگی کی تھی


ویب ڈیسک April 12, 2022
(فوٹو: کرک انفو)

HARIPUR: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ انگلش کاؤنٹی کے دوران فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن سے کراس سیم بال سے متعلق لازمی سیکھنا چاہتا ہوں۔

کرک انفو کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی فاسٹ بولر نے خواہش کا اظہار کیا کہ لنکاشائر کاؤنٹی کو لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم کی طرح فاتح بنانا چاہتے ہیں جبکہ انگلش بولر جیمز اینڈرسن کے ساتھ وقت گزار کر ذہن پڑھنا چاہتے ہیں۔

حسن علی انگلش کاؤنٹی ٹیم لنکاشائر کو محض 6 میچوں کے لیے دستیاب ہیں تاہم فاسٹ بولر نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایونٹ میں زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اسی لیے انہوں نے اولڈ ٹریفرڈ پر واپسی کا ارادہ کیا جہاں فاسٹ بولر نے سال 2016 میں ٹی20 ڈیبیو کیا تھا۔

قومی فاسٹ بولر نے کہا کہ جیمز اینڈرسن کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کی بہت زیادہ خوشی ہوگی جن سے پہلے کبھی ان کی بات نہیں ہوئی لیکن اب وہ ان سے بہت سارے سوالات کیلئے تیار ہیں۔ حسن علی نے کہا کہ اینڈرسن گیند کو دونوں اطراف کیسے گھماتے ہیں خاص کر کراس سیم بال سے متعلق لازمی سیکھنا چاہتے ہیں۔



پشاور زلمی میں ساتھی انگلش پیسر ثاقب محمود سے ملاقات کے متعلق حسن علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی اولڈ ٹریفرڈ میں ریورس سوئنگ کے بارے میں بتایا ہے اور انہیں یقین ہے کہ سرد موسم کے باوجود وہ خشک وکٹوں پر گیند ریورس سوئنگ کرسکیں گے اور اس حوالے سے کافی پرجوش ہیں۔

دوسری جانب انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں موقع دینے پر قومی فاسٹ بولر نے لنکاشائر انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔