امپورٹڈ حکومت نامنظور الیکشن ہونے تک سڑکوں پر رہیں گے عمران خان

عمران خان نے ہفتے کو ملک گیر احتجاج کی کال دے دی


ویب ڈیسک April 14, 2022
میں نے کیا جرم کیا جو آپ نے رات کو 12 بجے عدالتیں لگائیں، عمران خان کا معزز ججز سے سوال (فوٹو انٹرنیٹ)

LOS ANGELES: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن ہونے تک ہم سڑکوں پر رہیں گے، قوم ہفتے کو حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

وزارتِ عظمیٰ جانے کے بعد پشاور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرے پیارے ججز میں نے آزاد عدلیہ کی تحریک میں حصہ لیا اور عدالت کی آزادی کے لیے جیل بھی کاٹی، میں نے ہمیشہ قانون پر عمل کیا، کوئی مجھ پر یہ الزام نہیں لگا سکتا، کرکٹ کھیلنے کے دوران بھی کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

انہوں نے عدلیہ سے سوال کیا کہ میں نے کیا جرم کیا جو آپ نے رات کو 12 بجے عدالتیں لگائیں۔

عمران خان نے کہا کہ 'اتوار کو ساری قوم نے سڑکوں پر نکل کر بتایا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے، اب ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم غلامی چاہتے ہیں یا آزادی، کیا ہم امریکا کے غلاموں کی غلامی کرنے آئے ہیں یا آزادی سے جینے آئے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت میں آئے ہیں یہ سب ضمانت پر ہیں، شہبازشریف ، حمزہ شہباز ضمانت پر، نوازشریف اور اس کے بیٹے مفرور ہیں، امریکا نے اس قوم پر بڑے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کردیا ہے، یہ قوم ان ڈاکوؤں کو کبھی قبول نہیں کرے گی کیونکہ شہبازشریف پر 40ارب روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 'یہ باشعورقوم اور سوشل میڈیا کا پاکستان ہے، نوجوانوں کا منہ کوئی بند نہیں کرسکتا، انتقامی کارروائیاں کرنے والے باز رہیں کیونکہ آپ قوم کے نوجوانوں کو زبردستی نہیں روک سکتے'۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ امریکیوں ہمیں تمہاری معافی کی ضرورت نہیں ہے، تم ہو کون جو ہم پاکستانی تم سے معافی مانگیں، نوازشریف اور زرداری کے دور میں ڈرون حملے ہوئے ان کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلا'۔

ہفتے کو ملک گیر احتجاج کی کال

انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت نئے انتخابات کا اعلان نہیں کردیتی ہم سڑکوں پر مظاہروں کے سلسلے کو جاری رکھیں گے، اتوار کی طرح تمام پاکستانیوں کو ہفتے کو باہر نکلنا ہے، اگر ہم نے اس سازش کو کامیاب ہونے دیا تو آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ 'نوجوانوں تیار ہوجاؤ اب میں ہر شہر میں نکلوں گا اور اُس وقت تک رہوں گا جب تک الیکشن کا انعقاد نہیں ہوجاتا، ہم حقیقی آزادی کی جدوجہد شروع کررہے ہیں، جب بھی الیکشن ہوگا ہم ان سے ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور پاکستانی قوم ان چوروں کو ہمیشہ کے لیے دفن کردے گی'۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ 'میں حکومت سے نکالے جانے پر اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ ایک بار پھر میرا عوام سے رابطہ جڑ گیا ہے، مجھے اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ میرے نکالے جانے پر بھارت، اسرائیل میں خوشی منائی گئی، توہین آمیز خاکے بنانے والے شخص نے بھی مسرت کا اظہار کیا'۔

عمران خان نے ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 'میں حکومت سے نکل کر بہت زیادہ خطرناک ہوگیا، اب میں عوامی سطح پر نکلوں گا اور عوام کو حقیقی آزادی کے لیے جگاؤں گا'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں