نیشنل سیکیورٹی کونسل جیسے سنجیدہ فورم کو سازشی ڈرامے کیلئے استعمال کیا گیا مریم نواز
کرسی کی خاطر قومی سلامتی سے کھیلنے کی قابل مذمت کوششوں کا محاسبہ کیا جائے، نائب صدر مسلم لیگ (ن)
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی پریس بریفنگ کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج تمہارے جھوٹ تار تار ہو گئے، اقتدار سے چمٹے رہنے کے لیےتم نے خطرناک کھیل کھیلا اور نیشنل سیکیورٹی کونسل (این ایس سی)جیسے سنجیدہ فورم کو سازشی ڈرامے کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ایبسولیوٹلی ناٹ (Absoluately Not) کا جھوٹا نعرہ ان اڈوں کےلیےلگایا جو کبھی مانگے ہی نہیں گئے تھے، این آر او کے لیے اسٹیبلشمنٹ کےترلے کیے اور جھوٹ بولا کہ انہوں نے آپشن دیےتھے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے تمہارے ایک ایک جھوٹ کا محاسبہ کیا جائے، کرسی کی خاطر قومی سلامتی سے کھیلنے کی قابل مذمت کوششوں کا محاسبہ کیا جائے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے پی ٹی آئی کے چئیرمین کو مخاطب کرکے کہا کہ 'حوصلہ رکھو اب سامنا کرنا، ہمیشہ کی طرح بھاگ نہ جانا کیونکہ یہ قوم تمہیں اب بھاگنے نہیں دے گی۔