ISLAMABAD:
سعودی حکومت نے رمضان المبارک میں مسجد الحرام اور نبوی کی توسیع کرتے ہوئے عمرہ زائرین کو پریشانی سے بچانے کے لیے 60 سے زائد داخلی اور خارجی راستے مختص کردیے۔
اس حوالے سے جنرل پریزیڈنسی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں عمرے کے دوران زائرین کو مشکل سے بچانے کے لیے 61 داخلی اور خارجی راستے بنائے گئے ہیں، جن میں سے 17 تیسری بار مسجد کی توسیع کے لیے بنائے گئے تھے، 23 شاہ فہد اور 7 الماسہ کے علاقے میں اور اجیاد پل گیٹ کی جگہ شامل ہیں۔
جنرل پریزیڈنسی نے ہنگامی انتظامات کے لیے 4 جبکہ دیگر خدمات کیلئے بھی 10 دروازے مختص کیے گئے ہیں۔
تقریباً 330 ملازمین مخصوص دروازوں سے نمازیوں کے داخلے اور باہر نکلنے کے انتظام میں حصہ لیں گے تاکہ نقل و حمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ مردوں کے لیے 35 اور خواتین کے لیے 30 نمازی جگہیں تیار کی گئی ہیں۔
مساجد کے امور کے لیے جنرل پریزیڈنسی کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے کے لیے ایک منصوبے کے تحت نمازیوں اور عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے تمام ضروری خدمات فراہم کی جاسکیں۔