شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر درج مقدمات کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو تبدیل کردیا گیا فواد چوہدری

سپریم کورٹ تفتیشی ٹیم کے ارکان کی تبدیلی کا نوٹس لے، رہنما پی ٹی آئی


ویب ڈیسک April 15, 2022
—فائل فوٹو

OREGON: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے مقدمات کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو تبدیل کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے نئی حکومت کے اقدامات اور فیصلوں پر سخت ردعمل دیا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے نہ صرف اپنے خلاف قائم مقدمے کی تفتیش کرنے والی ٹیم کو تبدیل کیا بلکہ اپنے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف تحقیقات کرنے والی ٹیم کے ارکان کو بھی بدل دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں این آئی سی ایل اور حج کوٹہ کیس میں عدالت عظمیٰ نے نوٹس لیا تھا اور ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ حالیہ معاملات کا بھی نوٹس لے، ہم متحدہ اپوزیشن کی امپورٹڈ حکومت پر قائم مقدمات کی تفتیش کو اپنے مفادات کے لیے تباہ و برباد نہیں ہونے دیں گے۔

فواد چوہدری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت نے پہلے ہی دن نیب ریکارڈ میں ہیر پھیر کی کوشش کی، عدالتوں کو ایسے معاملات پر نظر رکھنا ہوگی اور دیکھنا ہوگا کہ لوگ کس طرح بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے ناظم جوکھیو کیس سے متعلق کہا کہ اس میں پرانے پاکستان کی جھلک نظر آئی ہے۔

انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعظم کی جانب سو صحافیوں کے لیے ہونے والے افطار ڈنر پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم ہاؤس میں صحافیوں کے لیے کھابے کھل گئے ہیں جب کہ عمران خان حکومت کو پروگرام کوئی بھوکا نہ سوئے کو بند کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے نئی حکومت کے خلاف غلط الزامات عائد کیے جا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر عوامی فلاح کے منصوبوں کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے احساس پروگرام، لنگر خانوں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بندش سے متعلق پھیلنے والی خبروں کی تردید کی تھی۔

فواد چوہدری نے اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں بزرگ شہری پر تشدد اور لاہور میں میجر پر تشدد کے واقعات کی مذمت کی۔ علاوہ ازیں مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے آتے ہی چینی کی قیمت میں 9 روپے، گھی کی قیمت میں 10 روپے اور بجلی کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے اضافہ کردیا ہے جب کہ شہباز شریف پٹرول کی قیمت میں بھی 20 سے 25 روپے تک کا اضافہ کرنے جا رہے ہیں۔

آئندہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |