لگتا ہے کہ اگلا استعفیٰ صدر مملکت کا آنے والا ہے ترجمان ن لیگ

تحریک انصاف کے ارکان کے جو استعفے آئے ان کا ٹیکسٹ ایک اور کچھ کی فوٹو کاپی ہے، ترجمان ن لیگ


ویب ڈیسک April 16, 2022
تحریک انصاف کے ارکان کے جو استعفے آئے ان کا ٹیکسٹ ایک اور کچھ کی فوٹو کاپی ہے، ترجمان ن لیگ۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفے غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں، لگتا ہے اگلا استعفیٰ صدر مملکت کا آنے والا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کو غیر آئینی رولنگ اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 کے تحت سزا ہونی چاہئے، تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے جو استعفے سامنے آئے ان کا ٹیکسٹ بھی ایک ہے، کچھ کی فوٹو کاپی ہے اور ایک ہی فارمیٹ کے تحت تیار کئے گئے ہیں، یہ تمام استعفے غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کئی ارکان اسمبلی کہہ چکے ہیں کہ ہم نے استعفی نہیں دیا، ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پارلیمنٹ میں موجود ہے، ان کے پاس کوئی اتھارٹی نہیں کہ وہ ان جعلی استعفوں کو منظور کریں جو ممبران نے دیئے بھی نہیں، یہ استعفے ملک کی سلامتی اور فارن پالیسی کو دائو پر لگاتے ہوئے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، انہیں معلوم ہے کہ یہ آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں اور عوام کو چار سال تک لوٹا ہے، اگلا استعفیٰ لگتا ہے کہ صدر مملکت کا آنے والا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔