وزیر اعظم شہباز شریف کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ٹیلی فون

سعودی عرب ہمہ وقت پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا، سعودی ولی عہد


ویب ڈیسک April 16, 2022
سعودی عرب ہمہ وقت پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا، سعودی ولی عہد۔ فوٹو:فائل

KABUL: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو فون کرکے مبارکباد دی اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کیا، اور پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے مبارکباد پر ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا، اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور مزید مستحکم کرنے کے لیے مملکت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر شہبازشریف کو پرتپاک مبارک دی، اور وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر پْرجوش نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بھی سعودی ولی عہد کی طرف سے تہنیت پر شکریہ ادا کیا، اور سعودی عرب کے ساتھ گہرے مراسم استوار کرتے ہوئے کام کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اپنی بصیرت افروز قیادت میں سعودی عرب میں ترقی پر ہدیہ تبریک پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان استوار برادرانہ تاریخی تعلقات جو گزشتہ سات دہائیوں پر محیط اسٹرٹیجک تعلقات کا طرہ امتیاز رہے ہیں۔ وزیراعظم نے ان تعلقات کو نئی بلندیوں اور رفعتوں سے ہمکنار کرنے کے اپنی حکومت اور اپنے ذاتی پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے دوطرفہ اور عالمی فورمز کی سطح پر تاریخی حمایت اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ جب کہ سعودی ولی عہد نے یقین دلایا کہ سعودی عرب ہمہ وقت پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں