نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کا فیصلہ نہ ہوسکا

گورنر پنجاب نے اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر ہنگامہ آرائی اور تشدد کی سخت مذمت کی


ویب ڈیسک April 17, 2022
گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر ہنگامہ آرائی اور تشدد کی سخت مذمت کی ۔ فوٹو:فائل

نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف گورنر لیں گے یا اسپیکر؟ تاحال فیصلہ نہ ہوسکا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر پنجاب نے کل کے انتخابی عمل میں پیش آنے والے واقعات پر سیکرٹری اسمبلی سے آج رپورٹ طلب کی ہے اور وہ رپورٹ کے بعد حلف لینے کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ اگر گورنر پنجاب حلف لینے سے انکار کرتے ہیں تو پھر اسپیکر پنجاب اسمبلی حلف لینے کا مجاز ہوگا اور اگر اسپیکر پنجاب اسمبلی بھی حلف لینے سے انکار کرتے ہیں تو پھر صدرمملکت حلف کے لیے مجاذ شخصیت کو نامزد کریں گے۔

ذرائع کے مطابق صدرمملکت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو حلف لینے کے لیے نامزد کرسکتے ہیں۔

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں تشدد، گرفتاریوں، ہنگامہ آرائی کے باوجود حمزہ شہباز 197 ووٹ لے کر پنجاب کے 21 ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے تھے۔

دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے الیکشن کے موقع پر ہنگامہ آرائی اور تشدد کی سخت مذمت کی جاتی ہے، پارلیمان کا تقدس اور آئین کا تحفظ اسمبلی ممبران کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی سے الیکشن کارروائی کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

نئے وزیر اعلی پنجاب کا نوٹی فکیشن جاری

دریں اثنا حمزہ شہباز کا وزیر اعلی پنجاب بننے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ یہ نوٹی فکیشن ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جسے گورنر ہاؤس بھی بھیجا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں