ڈوپنگ ایشو پر طلحہٰ طالب کا ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو خط

ہمیشہ ڈوپنگ رولز کی پابندی کی اور خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتا، طلحہٰ طالب

کیریئر میں ابتک 9 بار ڈوپ ٹیسٹ ہوئے جن کی رپورٹس ہمیشہ منفی آئی، ویٹ لفٹر (فوٹو: ٹوئٹر)

قومی ویٹ لیفٹر طلحہٰ طالب نے ڈوپنگ معاملے میں مدد کے لیے پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق ویٹ لیفٹر نے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ انہیں کوئی اندازہ نہیں، ٹیسٹ کے اندر جو عناصر پائے گئے ہیں جن کی مقدار عام مقدار سے زیادہ ہے وہ کس طرح میرے جسم میں پیدا ہوئے ہیں یا داخل ہوئے۔

طلحہٰ طالب کا کہنا ہے کہ اب تک کیریئر میں نو بار ڈوپ ٹیسٹ ہوئے ہیں جن کی رپورٹس ہمیشہ منفی آئی ہیں، ہمیشہ ڈوپنگ رولز کی پابندی کی ہے، خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔


انہوں نے فیڈریشن سے درخواست کی کہ پروٹین ٹیسٹ کروانے میں مدد کریں، طبی ماہرین سے مشاورت کے لیے بھی تعاون درکار ہے، میرے کیس کو رحمدلی سے سنا جائے اور یہ کہ انجانے میں مجھ سے کوئی غلطی ہوئی ہے جو لازم میری کم علمی کی وجہ سے ممکن ہے تو میں معافی چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لیبارٹری کے ٹیسٹ پر مکمل اعتماد ہے اس لیے میں یہ بہتر سمجھتا ہوں کہ میں بی سمپل کی درخواست نہیں کروں گا۔

طلحہٰ طالب کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں پاکستان میں ایسی سہولت میسر نہیں جو ہمیں یہ بتا سکے کہ بظاہر عام سے وٹامنز اور سپلیمنٹس مل کر بھی کوئی بری شکل اختیار کر سکتے ہیں کیونکہ میں ایک کم پڑھا لکھا کھلاڑی ہوں اور میرا فوکس صرف اور صرف ٹریننگ پہ رہا ہے اور میں نے ہمیشہ اپنے ملک و قوم اور اپنی پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی نیک نامی کے لیے پاک صاف اور اچھا طریقہ اختیار کیا ہے۔

یاد رہے کہ طلحہٰ طالب کو ڈوپنگ قواعد کی خلاف ورزی پر انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی سے 14 مارچ سے معطل کر رکھا ہے۔
Load Next Story