چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں دو سابق وزرائے اعظم سمیت 6 ملزمان کی بریت چیلنج

ٹرائل کورٹ نے ٹھوس وجوہات کے بغیر ملزمان کو بری کیا، فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، نیب کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل


کورٹ رپورٹر April 19, 2022
(فوٹو : فائل)

نیب نے چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کی بریت کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت 6 ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر کردی گئی۔ نیب نے احتساب عدالت سے ملزمان کی بریت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

نیب کے فیصلے میں سکندر حیات میکن، جاوید نذیر، شوکت حیات درانی اور سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی بریت کو بھی چیلنج کیا گیا۔پراسیکیوٹر جنرل نیب نے چیئرمین نیب کی منظوری سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی 22 جولائی 2009ء کو خلاف قواعد تعیناتی ہوئی جس پر نیب نے ریفرنس دائر کیا، احتساب عدالت نے 17 مارچ کو ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریفرنس سے بری کر دیا، نیب ترمیمی آرڈی نینس کے تحت ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کی گئیں۔

نیب نے اپیل میں کہا ہے کہ یہ ریفرنس ترمیم شدہ آرڈی ننس 2021ء کے نفاذ اور اطلاق سے قبل دائر کیا گیا تھا، پہلے سے دائر اور زیر سماعت ریفرنسز پر 2021ء کے نیب ترمیمی آرڈی نینس کا اطلاق نہیں ہوتا، ٹرائل کورٹ نے ٹھوس وجوہات کے بغیر جلد بازی میں ملزمان کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔

اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ٹرائل کی کارروائی کو آگے بڑھانے کا حکم دیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں