حکومت کا پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان

پی ایم ڈی آر اے‘ ختم کررہے ہیں، پیکا ایکٹ پر بھی نظر ثانی کی جائے گی، وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک April 19, 2022
آزادی اظہار رائے پر کسی بھی طرح کی پابندی عائد نہیں کی جائے گی، وفاقی وزیر (فوٹو، فائل)

حکومت نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی(پی ایم ڈی آر اے) کے قیام کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ ہم پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کر رہے ہیں جبکہ پیکا ایکٹ پر بھی نظر ثانی کی جائے گی، آزادی اظہار رائے پر کسی بھی طرح کی پابندی عائد نہیں کی جائے گی، ہم کسی قسم کا انتقام لیں گے نہ لینا چاہتے ہیں، قانونی طور پر جو قصوروار ہوگا اس کے لیے قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 سالوں کے دوران پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان میں بد ترین طرز حکمرانی رہا، مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، میڈیا انڈسٹری ایک سیاہ دور سے گزری، چار سال سے اظہار رائے پر پابندی عائد تھی، کئی صحافیوں کے پروگرم بند کرائے گئے، میڈیا ورکرز اور رپورٹرز کو دباؤ ڈلوا کر نوکریوں سے نکلوایا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 4 سال عوام نے دھونس، گالی اور دھمکی کی زبان سنی، ہم کسی پر کوئی غلط الزام نہیں لگائیں گے لیکن اگر کوئی غلط کام کرے گا یا قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے مزید کہا کہ صدر مملکت بھول گئے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کے صدر نہیں بلکہ پاکستان کے صدر ہیں، صدر کو اپنی آئینی ذمے داریوں کا احساس نہیں ہو رہا، اگر انہوں نے آئین کے تحت اپنی ذے داریاں ادا نہیں کرنی تو وہ مستعفیٰ ہوجائیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں