گھر کی دہلیز سے لاپتہ ہونے والی ساتویں جماعت کی طالبہ کا تاحال سراغ نہ مل سکا
وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا، واقعہ کی رپورٹ آئی جی سے طلب
شہر قائد کے علاقے الفلاح گولڈن ٹاؤن سے 16 اپریل کو مبینہ طور پر اغوا ہونے والی ساتویں جماعت کی طلبہ کا تاحال سراغ نہیں مل سکا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الفلاح گولڈن ٹاؤن میں مبینہ طور پر اغواء ہونے والی لڑکی دعا گھر سے باہر کچرا پھینکنے نکلی تھی جس کو دہلیز سے اغواء کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دعا کے اغوا کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل منتقل کردی گئی ہے جس کو گلی سے دعا کو اغوا کیا گیا ہے وہ بہت تنگ گلی ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ ساتویں جماعت کی طلبہ کے گھر والے بھی پولیس سے مکمل تعاون نہیں کررہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 14 سالہ بچی کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفیصلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کو بچی کو ہر صورت بازیاب کرانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بچی کے والدین سے رابطے میں رہ کر کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ذرائع استعمال کرکے ملزمان تک پہنچا جائے۔