الیکشن کمیشن متعصب اور جانب دار بن گیا ہے اسد عمر

عوام کو اعتماد نہیں موجودہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرواسکتا ہے، رہنما پی ٹی آئی

عوام کو اعتماد نہیں موجودہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرواسکتا ہے، رہنما پی ٹی آئی

ISLAMABAD:
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے الیکشن کمیشن کو متعصب اور جانب دار قرار دے دیا۔

اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن متعصب بن چکا ہے، عوام کو اعتماد نہیں کہ موجودہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرواسکتا ہے، ہم الیکشن کمیشن پر تنقید تو اپنے دور حکومت سے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غریب آدمی بیس بیس سال انصاف کے لیے ایڑیاں رگڑتا ہے، طاقتور کے لیے رات کو عدالت کھل جاتی ہے۔


اسد عمر کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت میں روز کوئی ایک اتحادی اٹھ کر کہتا ہے یہ مجھے منظور نہیں، یہ حکومت نہیں چل سکتی، ہم کہتے ہیں آئیں عوام میں چلتے ہیں۔

ماضی میں چیف الیکشن کمشنر کی حمایت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی اپنا بندہ تعینات نہیں کیا تھا، عمران خان نہیں چاہتے تھے کہ کوئی اپنا بندہ چیف الیکشن کمشنر لگایا جائے، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی بھی اسی سوچ سے کی گئی تھی، اب لیکن جو رویہ ہم دیکھ رہے ہیں اس سے واضح ہے یہ غیر جانبدار الیکشن کمیشن نہیں، ہم کوئی پچھلے ہفتے سے نہیں، کئی ماہ سے الیکشن کمیشن کے رویے پر سوال اٹھاتے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے نہ کوئٹہ بنچ بنا کر چیف جسٹس کو ہٹانے کی کوشش کی نہ غنڈے بھیج کر حملہ کیا، ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو من و عن تسلیم کیا، فیصلوں پر تنقید کرنا آئینی حق ہے اس سے ادارے کمزور نہیں ہوتے۔
Load Next Story