قوم کی حمایت سے ہر خطرے کو شکست دینگے آرمی چیف

فوجی اپنی تربیت پر توجہ دیں اورموثر جنگی تیاری برقرار رکھیں،کوٹری رینج کے دورے میں خطاب


APP/Numainda Express February 27, 2014
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوٹری رینج کے دورے کے دوران جوانوں سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: این این آئی

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے وطن عزیز کو درپیش ہر خطرے کو شکست دینے کا مشن عوام کی امنگوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

فیلڈ فائرنگ اور کراچی کور کی جنگی مشق کے معائنے کیلئے کوٹری رینج کے دورے میں انھوں نے مشقوں میں حصہ لینے والے فوجیوں کی پیشہ ورانہ استعداد کو سراہا اور کہا کہ سخت تربیت اور زمانہ امن میں تیاری کا اعلیٰ ترین معیار ہی امن کی ضمانت ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ روایتی یا غیر روایتی تمام فوجی آپریشنز میں کامیابی کیلئے جدید تکنیک کا حصول، جنگی تیاریوں میں مہارت ضروری ہے۔

انہوں نے تمام رینکس پر زور دیا کہ وہ تربیت پر توجہ دیں اور خطرات کے مقابلے کیلئے موثر جنگی تیاری برقرار رکھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان مشقوں کا مقصد جنگی ماحول کے تحت مختلف ٹیکٹیکل آپریشنز میں فوجیوں کو تربیت دینا ہے جن میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے اور میکنائزڈ ڈویژن کی آرمرڈ فائٹر وہیکلز بھی حصہ لے رہی ہیں۔ قبل ازیں کوٹری رینجز پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی نے کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں