اے این ایف نے پارسل کے ذریعے ہیروئین برطانیہ اسمگل کیے جانے کی کوشش ناکام بنادی

ملزمان نے منشیات خواتین و بچوں کے جوتوں میں مہارت سے چھپائی تھی

برمنگھم بھیجے جارہے خواتین کے بیگز سے منشیات برآمد

کراچی:
انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے کوریئر کمپنی پارسل کے ذریعے منشیات بیرون ملک بھیجنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا۔

اس حوالے سے ترجمان اے این ایف کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں واقع نجی کوریئر کمپنی کے دفتر سے برمنگھم کے لیے بُک کروائے گئے پارسل سے ساڑے چار گلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔

ملزمان نے کمال مہارت سے ہیروئن کو خواتین کے پرس، کپڑوں اور بچوں کے کپڑوں اور جوتوں چھپایا تھا۔


ترجمان کا کہنا تھا کہ پارسل راولپنڈی میں موجود شہزاد اسلم نامی شخص کی طرف سے برمنگھم میں موجود بلقیس بیگم نامی خاتون کے پتہ پر بک کیا گیا تھا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے انسداد منشیات ایکٹ کے تحت منشیات اسمگل کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید پڑھیں: ایمبولینس کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

خیال رہے کہ رواں ماہ 9 تاریخ کو اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد موٹروے انٹرچینج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس کے ذریعے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی تھی۔

ملزمان نے ایمبولینس کے خفیہ خانوں میں منشیات مہارت سے چھپائی تھی، برآمد ہونے والی منشیات میں 24 کلوگرام چرس، ڈیڑھ کلو افیون، 1 کلو گرام آئس اور 1.9 کلوگرام ہیروئن شامل تھی۔
Load Next Story