وزیراعظم سے امریکی کانگریس رکن الہان عمر کی ملاقات

ملاقات میں پاک امریکا تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے الہان عمر کی ملاقات (فوٹو ریڈیو پاکستان)

ISLAMABAD:
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ریاست ہائے متحدہ امریکا کی کانگریس الہان عمر کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آج امریکی ہاؤس آف ریپریزنٹیٹیوز کی رکن الہان عمر کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے دورے پر مہمان خاتون کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ الہان عمر کے دورے سے پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور پاکستانی پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلہ خیال کو تقویت ملے گی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی احترام، اعتماد اور مساوات پر مبنی دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

ملاقات میں پاک امریکا تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Load Next Story