پاکستان گیس منصوبہ مکمل کرنے کا پابند ہے ایران

معاہدے کے وقت پاکستان پابندیوں سے آگاہ تھا، ایرانی نائب وزیر تیل

تیسرے فریق سے منصوبہ مکمل کرنے کے آپشن پر بھی بات ہوئی، علی ماجدی کاردعمل۔ فوٹو: فائل

ایران نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت پاکستان ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کاپابند ہے، منصوبے کی تکمیل سے ایران ہمسایہ ملک کو گیس برآمدکرسکے گا۔


ایرانی نائب وزیر تیل علی ماجدی نے ایک بیان میں کہاکہ اس سلسلے میں ایران نے اپنے تمام وعدے پورے کیے ہیں اورامید ہے کہ پاکستان بھی اپناکام پوراکرے گا۔ ایرانی حکام کی جانب سے یہ وارننگ پاکستانی وزیر پٹرولیم شاہدخاقان عباسی کے اس بیان کے ایک دن بعد سامنے آئی جس میں شاہد خاقان نے کہا تھاکہ یورپی یونین اور امریکا کی ایران پر عائد پابندیوں کی وجہ سے پاک ایران گیس منصوبہ مکمل نہیں کیا جا سکتا۔

ایرانی نائب وزیر تیل نے کہاکہ پاکستان کومنصوبے پر کام کی رفتار تیزکرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے پاکستانی وزیرکی عالمی پابندیوں کی دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ یہ کوئی نیا معاملہ نہیں۔ پاکستان نے معاہدہ کرتے وقت پابندیوں سے آگاہ تھا اور اس وقت کی پاکستانی حکومت نے عالمی دبائو برداشت کیا تھا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستانی حکام کے ساتھ حالیہ بات چیت میں اس آپشن پر بھی بات کی گئی ہے کہ کوئی تیسرا فریق اس منصوبے کو مکمل کرے لیکن انھوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔
Load Next Story