انجریز نے انگلینڈ میں بھی نسیم شاہ کا پیچھا نہ چھوڑا

کندھے میں تکلیف کے سبب ایک ماہ کیلیے میدان سے دور رہنے پر مجبور

 کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سفر 11اوورز تک محدود، ٹی ٹوئنٹی میں دستیابی متوقع فوٹو: فائل

انجریز نے انگلینڈ میں بھی نسیم شاہ کا پیچھا نہ چھوڑا، کندھے کی انجری کا شکار پاکستانی پیسر ایک ماہ کیلیے میدان سے دور رہنے پر مجبور ہوں گے۔

رواں سال کاؤنٹی سیزن کیلیے نسیم شاہ کو گلوسٹرشائر کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا،ایکسٹر یونیورسٹی کیخلاف وارم اپ میچ میں انھوں نے صرف 2اوورز کیے،اس کے بعد کاؤنٹی کرکٹ کی ڈویڑن ون چیمپئن شپ میں پہلا میچ کھیلا،مگر صرف پہلی اننگز میں بولنگ کرتے ہوئے 11اوورز میں 41رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، کندھے کی انجری کا شکار ہونے کی وجہ سے وہ دوبارہ ایکشن میں نظر نہیں آسکے۔


گذشتہ روز گلوسٹر شائر مینجمنٹ نے تصدیق کی کہ نسیم شاہ کاؤنٹی چیمپئن شپ کے اگلے 4میچز کیلیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے،پیسر کی فٹنس کے معاملے میں پی سی بی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ کام کے بوجھ کا خیال کرتے ہوئے فی الحال ان کو میدان میں اتارنا مناسب نہیں ہوگا، امید ہے کہ نسیم شاہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ سے قبل صحتیاب ہو جائیں گے، ان کی بحالی فٹنس کا عمل برسٹل میں جاری رہے گا،اس دوران دیگر غیر ملکی کرکٹرز ظفر گوہر اور مارکوس ہیرس سلیکشن کیلیے دستیاب رہیں گے۔

نسیم نے آسٹریلیا کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا اور تیسرا ٹیسٹ کھیلا تھا۔اس سے قبل بھی ان کا کیریئر انجریز سے متاثر ہوتا رہا ہے،کمر کی تکلیف بھی پریشان کرتی رہی، سابق بولنگ کوچ وقار یونس پیسر کے ٹیلنٹ کی تعریف کرنے کے ساتھ ان کو احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیتے رہے ہیں۔
Load Next Story