عمر اکمل نے قومی ٹیم میں واپسی کی آس نہ چھوڑی

سخت محنت کررہا ہوں،موقع ملا تو عمدہ کارکردگی کی کوشش کروں گا،بیٹر


Sports Reporter April 21, 2022
پاکستان نے پہچان دی،کبھی باہر سکونت پذیر ہونے کا نہیں سوچا،بیٹر ۔ فوٹو : فائل

عمر اکمل نے قومی ٹیم میں واپسی کی آس نہ چھوڑی، مڈل آرڈر بیٹر کا کہنا ہے کہ میں سخت محنت کررہا ہوں۔

2009میں کیریئر شروع کرنے والے عمراکمل کئی مسائل کی وجہ سے کبھی قومی ٹیم میں اپنی جگہ پکی نہیں کرسکے مگر انھوں نے ابھی تک واپسی کی آس نہیں چھوڑی ہے،ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ میں کراچی کی رمضان کرکٹ میں اپنا نیچرل گیم کھیل رہا ہوں، توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکا مگر بْرا وقت کسی پر بھی آجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل دنوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے بڑا ساتھ دیا،ان کی وجہ سے پی ایس ایل 7کھیلنے کا موقع ملا،کوچ معین خان بھی ٹیم کو ساتھ لے کر چلتے ہیں،میں ان دونوں کا احسان کبھی نہیں بھلاسکتا، سخت محنت کررہا اور پاکستان ٹیم میں واپسی کیلیے پْرامید ہوں،جس کردار میں بھی موقع دیا گیا کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

عمر اکمل سے سوال کیا گیا کہ آپ کے ساتھ کیریئر کا آغاز کرنے والے ویراٹ کوہلی اور روہت شرما کہاں پہنچ گئے؟ جواب میں انھوں نے کہا کہ بورڈز نے ان کا ساتھ دیا۔ میرے خیال میں مینجمنٹ تبدیل ہوبھی جائے تو کھلاڑی کی ذاتی زندگی کے بجائے کارکردگی دیکھنا چاہیے، اس طرح پلیئرز کو مایوسی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ امریکا میں کچھ مصروفیات تھیں، اہلیہ نے بھی مشورہ دیا تھا کہ وہاں ٹریننگ کروں، بہرحال میرا کسی غیر ملک میں سکونت پذیر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں،ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت الگ بات ہے، پاکستان کی وجہ سے ہی دنیا میں ہماری پہچان ہے،میں یہاں ہی رہنا اور قومی ٹیم کیلیے کھیلنا چاہتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں