کراچی میں جرگے سے آنے والے ڈاکٹر گھر کے دروازے پر قتل

ڈاکٹرعبدالستارجرگے میں شرکت کے بعدواپس آئے،گھرکے سامنے کارپارک کرکے گیٹ پر پہنچے، بائیک سوارملزمان نے فائرنگ کردی

2گولیاں کندھے کے قریب سے آر پارہونے کے باعث موقع پرہی دم توڑگئے، متوفی کا تعلق چمن سے تھا، پولیس کی تحقیقات شروع (فائل فوٹو)

کراچی:
گلشن معمار میں نامعلوم ملزمان نے گھر کے دروازے پر ڈاکٹر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی کے علاقے گلشن معمار تھانے کی حدود افغان کیمپ میں فائرنگ سے ڈاکٹر ہلاک ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔


کارروائی کے لیے جانے والے گلشن معمار تھانے کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر فہیم عباسی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت ڈاکٹر عبدالستار ولد حاجی لال کے نام سے کی گئی جس کی عمر 45 برس تھی ، پیشے کے اعتبار سے وہ ڈاکٹر تھے جبکہ وقوعے کے وقت وہ ایک جرگے میں شرکت کے بعد گھر واپس آرہے تھے کہ گھر کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے کے بعد دروازے پر ہی انھیں موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے،انھیں 2 گولیاں لگیں جوکہ کندھے کے قریب سے آر پار ہوگئیں۔

مقتول 3 بچوں کا باپ تھا جبکہ آبائی تعلق کوئٹہ کے علاقے چمن سے تھا، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔
Load Next Story