بیوی نے کہا 8 بار بجلی گئی آپ کا یہ حال ہے تو باقی کا کیا ہوگا چیئرمین نیپرا
رات میرے سامنے بھی گھر کی بجلی دو بار گئی، لوگ بل دیتے ہیں انہیں بجلی تو دیں، سی ای او آئیسکو کی سرزنش
لاہور/
کراچی/
PESHAWAR:
بجلی کی لوڈ شیڈںگ پر چیئرمین نیپرا نے سی ای او آئیسکو کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری بیوی نے کہا 8 بار گھر کی بجلی گئی، آپ چیئرمین نپیرا ہیں، آپ کا یہ حال ہے تو باقی کا کیا حال ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید کے لیے نیپرا میں سماعت ہوئی۔ سی ای او آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ آئیسکو کے بجلی نقصانات سب سے کم ہیں، ہماری وصولیوں کی شرح بھی سب کمپنیوں سے اچھی ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید کے لیے پانچ سال کی کارکردگی دیکھیں گے، تمام بجلی تقسیم کار کمپنیاں پانچ سالہ کارکردگی رپورٹ جمع کرائیں، آپ کہتے ہیں آئیسکو سب سے اچھی کمپنی ہے۔
یہ پڑھیں : ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 1 سو میگاواٹ ہوگیا، 10 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ میری بیوی نے کہا کل بجلی آٹھ مرتبہ گئی، آپ چیئرمین نیپرا ہیں، اگر آپ کا یہ حال ہے تو باقی کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رات میرے سامنے بھی میرے گھر کی بجلی دو بار گئی، لوگ بل دیتے ہیں انہیں بجلی تو دیں۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ہم نے کراچی میں دو لاکھ 16 ہزار کھمبوں کی ارتھنگ کرائی، آئیسکو سمیت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیاں بھی ارتھنگ کے عمل پر کام تیز کریں، بجلی تقسیم کار کمپنیاں اپنی وصولیوں کی تفصیل جمع کرائیں، جس کمپنی کے پاس تفصیل نہیں وہ تفصیلات منگوالیں۔