سپریم کورٹ کا سندھ ہائیکورٹ کو ہندو جم خانہ سے متعلق درخواست کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا حکم

سپریم کورٹ نے پورٹ گرینڈ کی وجہ سے لکشمی نارائن مندر آنے والے ہندو یاتریوں کو درپیش مشکلات پر 10دن میں جواب طلب کرلیا


ویب ڈیسک February 27, 2014
پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں ہندو جیم خانہ کی عمارت میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارنگ آرٹس نامی ایک ادارہ قائم کیا تھا۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کو ہندو جم خانہ کراچی کی ملکیت کے حوالے سے دائر درخواست پر ایک ماہ میں فیصلہ دینے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کراچی کی نیٹی جیٹی میں واقع لکشمی نارائن مندر میں آنے والے افرادکی مشکلات پر دائر کی گئی درخواست کی سماعت ہوئی ، جس میں ہندو برادری کے وکلا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ لکشمی نارائن مندر صدیوں پرانا مندر ہے، کراچی کی ہندو برادری کی بڑی تعداد اس مندر میں پوجا کے لئے آتی ہے لیکن کے پی ٹی پورٹ گرینڈ کی تعمیر کی وجہ سے ہندو برادری کو مندر آنے میں دشواری کا سامنا ہے، مرنے والوں کی استھیاں لکشمی نارائن مندر میں سے ہی پوجا کے بعد بہائی جاتی ہیں، اس کے علاوہ ہندو مرد اور خواتین لکشمی نارائن مندر میں پوجا پاٹ کے دوران اشنان کرتے تھے لیکن پورٹ گرینڈ کی وجہ سے یہ حصہ کھلاہوگیا ہے، پورٹ گرینڈ کی تقریبات اور سیکیورٹی کے باعث ہندو برادری کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے، جس پر سپریم کورٹ نے درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے 10 دن میں جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے ہندو جم خانہ کراچی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت درخواست کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا حکم دے دیا، اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے ٹنڈو آدم میں 110 سال پرانے مندر امراپور دربار سمادھی استھان کے راستوں میں رکاوٹیں ہٹانے کے علاوہ مندر اور اس سے متصل سرکاری اسکول کے راستے کو علیحدہ کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں ہندو جیم خانہ کی عمارت میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارنگ آرٹس نامی ایک ادارہ قائم کیا تھا جس کی ملکیت کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست زیر سماعت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں