قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے کامیابی ضرور ملے گی وزیراعظم

مسلح افواج کی کوششوں اور قوم کی مکمل حمایت سے دہشت گردوں کو شکست دینے میں کامیابی ملی


ویب ڈیسک April 21, 2022
(فائل فوٹو)

کراچی: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج کی کوششوں اور قوم کی مکمل حمایت سے دہشت گردوں کو شکست دینے میں کامیابی ملی، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے کامیابی ضرور ملے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، جہاں میران شاہ آمد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور لازوال قربانیاں دینے والے دھرتی کے بہادر بیٹوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ وزیراعظم کو سرحد پر باڑ لگانے کی صورتحال سمیت مغربی بارڈر مینجمنٹ سسٹم سے بھی آگاہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف شمالی وزیرستان کا دورہ، قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں

وزیراعظم نےدہشت گردی کی کمر توڑنے میں کامیابی پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا. انہوں نے کہا کہ ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا ہے کہ دہشت گرد ملک بھر کارروائیاں کر رہے تھے، معصوم مردوں، عورتوں، بچوں، تعلیمی اداروں اور ریاستی انفراسٹرکچر کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہے تھے مگر مسلح افواج کی کوششوں اور قوم کی مکمل حمایت سے دہشت گردوں کو شکست دینے میں کامیابی ملی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے، ہمیں انشاء اللہ اس فتح میں کامیابی ضرور ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں