ایف سی اہلکاروں کی شہادت کے واقعے پر افغان حکام تحقیقات کررہے ہیں دفتر خارجہ

پاکستان ایران گیس پائپ لائن کے بارے میں عالمی پابندیوں کی وجہ سے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دے سکتے، تسنیم اسلم


ویب ڈیسک February 27, 2014
عمران فاروق قتل کیس پر اسکاٹ لینڈ یارڈ اور حکومت پاکستان کے رابطوں کے بارے میں وزارت داخلہ سے پوچھا جائے، تسنیم اسلم فوٹو: فائل

دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ 23 ایف سی اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ میں افغان سرزمین استعمال ہوئی ہے اور ہمارے رابطے پر افغان حکام تحقیقات کررہے ہیں۔

دفتر خارجہ میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی جیل میں پاکستانی شوکت علی کی ہلاکت پر تشویش ہے جب کہ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس نے خودکشی کی ہے اور اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، ہمارا مطالبہ ہے کہ جب اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا تو اس کو قید کیوں رکھا گیا اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے تمام معاملات طے کرنے پر یقین رکھتا ہے، سیاچن کے بارے میں بھی مشترکہ میکنزم موجود ہے 1984ءمیں ایک معاہدہ بھی ہوا تھا لیکن پھر بھارت اس سے منحرف ہوگیا، بھارت سے جامع مذاکرات نہیں ہو رہے تاہم مارچ کے پہلے ہفتے میں بعض معمالات پر دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن کے بارے میں عالمی پابندیوں کی وجہ سے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دے سکتے۔ اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے امید ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں سے جاری مذاکرات کامیاب رہیں گے اور تہران پر عائد پابندیاں ختم ہو جائیں گی، اب تک ہم نے بہت سی کمپنیوں سے اس منصوبے کے بارے میں رابطہ کیا ہے مگر کوئی بھی پابندیوں کی وجہ آنے کو تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہماری پالیسی نہیں ہم نے ہمیشہ اپنے ہمسایہ ممالک سے بھی کہا ہے کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو اور ہم بھی اسی پالیسی پر گامزن ہیں، شام کے بارے میں ہمارا موقف واضح ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس پر اسکاٹ لینڈ یارڈ اور حکومت پاکستان کے رابطوں کے بارے میں وزارت داخلہ سے پوچھا جائے کیونکہ ملک میں بہت سے غیر ملکی آتے ہیں اور تاجروں کو ہوائی اڈوں پر ویزا بھی دیا جاتا ہے اس حوالے سے تمام اعدادوشمار وزارت داخلہ کے پاس ہیں، 23ایف سی اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ میں افغان سرزمین استعمال ہوئی ہے اور ہمارے رابطے پر افغان حکام تحقیقات کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں قائم سفارت کانے نے دفتر خارجہ کو بتایا ہے کہ بعض پاکستانیوں کو بغیر کوئی وجہ بتائے ملک چھوڑنے کو کہا گیا ہے اس سلسلے میں بھی دفتر خارجہ متحدہ عرب امارات کی حکومت اور سفارت خانے سے رابطے میں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں