تحریک انصاف نے نیٹو سپلائی کے خلاف 3 ماہ سے جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیٹو سپلائی کے خلاف جاری دھرنے فوری ختم کردیئے جائیں گے جبکہ کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ نیٹو کنٹینرز کو کسی بھی صورت میں نہ روکا جائے، اجلاس میں قومی سلامتی پالیسی،طالبان اورحکومتی کمیٹیوں کے مذاکرات کے ساتھ پارٹی امورپربھی غورکیا گیا۔
واضح رہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف اور خیبرپختونخوا حکومت کی اتحادی جماعتوں کے کارکنان نے حیات آباد ٹول پلازہ سمیت مختلف مقامات پر کیمپ لگاکر نیٹو کنٹینرز روک کر دھرنے دیئے تھے جب کہ گذشتہ روز پشاورہائی کورٹ نے دھرنوں اور کارکنان کی جانب سے نیٹوسپلائی روکے جانے کو غیرقانونی قراردے دیاتھا۔