قتل میں ملوث پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کا رکن اسمبلی فرار فوٹیج سامنے آگئی

ہری پور سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے فیصل زمان اپنی ہی جماعت کے رہنما طاہر کے اقبال کے قتل کیس میں ملوث ہیں

ہری پور سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے فیصل زمان قتل کیس میں ملوث ہیں

قتل کے ملزم خیبر پختون خوا اسمبلی کے رکن فیصل زمان ایم پی اے ہاسٹل فرار ہوگئے جس کی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

ہری پور غازی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی ایم پی اے فیصل زمان اپنی ہی پارٹی کے ایک رہنما طاہر اقبال کے قتل کیس میں ملوث ہیں۔ ایم پی اے ہاسٹل کو سب جیل قرار دے کر انہیں اس میں رکھا گیا تھا جہاں سے وہ فرار ہوگئے۔

جیل کے چار ملازمین کی موجودگی میں ایم پی اے کے ہاسٹل سے نکلنے پر پولیس اور جیل انتظامیہ چکرا گئی۔ دونوں محکموں نے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال دی اور آئی جیل خانہ نے معاملے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیے۔ جیل انتظامیہ نے غفلت برتنے پر اپنے ہی اہل کاروں پر مقدمہ درج کرادیا۔

مقتول کے اہلخانہ کی پریس کانفرنس


دوسری جانب ایم پی اے فیصل زمان کے قرار پر مقتول کے بھائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ہری پور کے رہنما طاہر اقبال کے قتل کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج ہوئی ہے جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی نے تفتیش کر کے ایم پی اے فیصل زمان کو نامزد کیا۔

مقتول کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم اور اسکا وکیل تین ماہ سے کیس میں پیروی نہیں کر رہے تھے، قتل کیس میں 33 گواہان ایم پی اے فیصل زمان کے خلاف پیش ہوئے لیکن کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ فیصل زمان کا فرار پورے سسٹم پر سوالیہ نشان ہے اب انصاف کیلئے کس کے پاس جایا جائے، کیا ایم پی اے کے پاس شہریوں کو قتل کرنے کا لائسنس ہے۔

مقتول کے بھائی ملک عدیل اقبال نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے کی اپیل ہے، 42 دن سے ایک ٹرائل شدہ مجرم کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے گئے ہیں جبکہ عدالت کی پیشگی اجازت کے بغیر ایم پی اے ہاسٹل کو سب جیل قرار دیا گیا۔

Load Next Story