حمزہ شہباز کی حلف برداری مشکوک صادق سنجرانی کیلئے بھیجا گیا طیارہ خالی لوٹ آیا

اسلام آباد میں صدر مملکت سے صادق سنجرانی کی ملاقات، حمزہ شہباز کی حلف برداری پر مشاورت

لاہورہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلی پنجاب سے حلف لینے کے لئے نمائندہ مقررکرنے کاحکم دیا تھا:فوٹو:فائل

KABUL:
نئے وزیراعلی پنجاب کی تقریب حلف برداری آج پھر مشکوک ہوگئی اور چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو لینے کےلیے لاہور سے اسلام آباد بھیجا گیا طیارہ واپس خالی لوٹ آیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے نئے وزیراعلی حمزہ شہباز نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھانا ہے اور چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے حلف لینا ہے۔ گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کی تیاریاں جاری ہیں۔ پنڈال سج گیا ہے اور جہازی ساز بینرز لگا دیے گئے۔ 600 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلی پنجاب سے حلف لینے کے لئے صدر مملکت عارف علوی کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے نام کا مشورہ دیا تھا۔ حلف کے معاملے پر صدرمملکت آئینی طورپروزیراعظم سے ایڈوائس لینے کے پابند ہیں۔

تاہم چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی تاحال لاہور نہ پہنچ سکے اور انہیں لینے کےلیے بھیجا گیا خصوصی طیارہ اسلام آباد سے لاہور خالی آگیا۔


حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری آج شام ہونے تھی جو اب تاخیر کا شکار ہوگئی اور ن لیگ کی جانب سے تقریب کا حتمی وقت بھی نہیں بتایا جا رہا۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے وزیراعلی سے حلف لینے سے معذرت کے بعد عدالتی حکم پروزیراعظم شہبازشریف نے صدر عارف علوی کو یہ ایڈوائس دی ہے۔

لاہورہائیکورٹ نے نئے وزیراعلی پنجاب سے حلف لینے کے لئے کسی کو نمائندہ مقررکرنے کا حکم دیا تھا۔

ادھر اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلی پنجاب حلف لینے کے معاملہ پر بھی مشاورت ہوئی۔
Load Next Story