وفاقی حکومت کا ٹیکسز سے متعلق ایک ہی قانون متعارف کرانے کا فیصلہ
انکم ٹیکس آرڈیننس،سیلز ٹیکس ایکٹ اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ایکٹ کو یکجا کرکے ایک قانون متعارف کروایا جائے گا
لاہور:
وفاقی حکومت نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور کاروبار میں سہولت کیلئے انکم ٹیکس آرڈیننس،سیلز ٹیکس ایکٹ اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ایکٹ کو یکجا کرکے ایک قانون متعارف کروانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نئے قانون کے تحت کسٹمز کوڈ(پی سی ٹی کوڈز) کی طرز پر ان لینڈ ریونیو کوڈ متعارف کروائے جائیں گے جو کہ ملکی معیشت کیلئے ایک انقلابی اقدام ثابت ہوسکتاہے تاہم حتمی فیصلہ وزارت خزانہ ،وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہوگا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ان لینڈ ریونیو ٹیکسوں سے متعلق تینوں قوانین کو یکجا کرکے ایک قانون بنانے کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا، جسے جلد حتمی شکل دے کر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے سینئر افسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ کہ جمعہ کو چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد کی زیر صدارت ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اہم اجلاس میں نئے قانون کے مسودے اور ان لینڈ ریونیو کوڈز کے مسودے کا جائزہ لے کر اسکی اصولی منظوری دی گئی ہے تاہم اب اس مسودے کو حتمی شکل دے کر وزارت خزانہ کو بھجوایا جائے گا اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی دورہ واشنگٹن سے واپسی پر انہیں اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تجویز اور کوشش ہے کہ آئندہ مالی سال 2023-2022 کے وفاقی بجٹ میں ان لینڈ ریونیو ٹیکسوں سے متعلق نیا قانون پیش کردیا جائے تاہم اب یہ فیصلہ حکومت کو کرنا ہے کہ بجٹ میں فنانس بل کے ذریعے پارلیمنٹ سے منظور کے بعد یکم جولائی 2022 سے ان نئے قانون کو لاگو کرنا ہے یا ابھی اس پر مزید کام کرنا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے مجوزہ قانون میں انکم ٹیکس آرڈیننس،سیلز ٹیکس ایکٹ اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ کو یکجا کرکے تینوں ٹیکسوں کیلئے ایک قانون ہوگا، جس سے ٹیکس دہندگان اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں و کاروباری برادری کو سہولت میسر آئے گی اور پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا ہوں گی کیونکہ مستقبل میں سرمایہ کاروں و ٹیکس دہندگان کو تین قوانین کی بجائے ایک ہی قانون سے معاونت مل سکے گی اور اسی ایک مجوزہ قانون کے ذریعے ٹیکس دہندگان تینوں ٹیکسوں سے متعلق مسائل حل ہوسکیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مجوزہ قانون میں شرائط اور سختی کو بھی کم کردیا جائے گا، بنیادی تشریحات بھی ایک ہوجائیں گی اس قانون کے ساتھ پی سی ٹی کوڈز کی طرز پر ان لینڈ ریونیو کوڈز بھی متعارف کروائے جائیں گے جس سے انکم ٹیکس،سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح اور اس متعلق دیگر معلومات ایک ہی قانون میں درج ہوں گی۔