پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی بھارتی براڈ کاسٹرز کو فکر ستانے لگی

2025 کے ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے خدشات ظاہر


Sports Desk April 24, 2022
نشریاتی حقوق کے حوالے سے آئی سی سی کی بریفنگ ، آفیشلز نے مطمئن کردیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

بھارتی براڈ کاسٹرز کو پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی فکر ستانے لگی جب کہ 2025 کے ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے خدشات ظاہر کردیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نشریاتی حقوق کی فروخت پر بریفنگ دینے والے آئی سی سی آفیشلز نے انھیں مطمئن کردیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اگلے 8 سالہ دورانیے کیلیے نشریاتی حقوق کی فروخت کا عمل شروع کرنے والی ہے، اس کیلیے بھارت کے ٹاپ براڈکاسٹرز سے باقاعدہ رابطہ بھی کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق کونسل کے 2 ٹاپ آفیشلز گذشتہ دنوں ممبئی آئے، ان میں براڈ کاسٹ رائٹس کے نائب صدر سنیل منوہرن اور چیف کمرشل آفیسر انورنگ داہیا شامل تھے، ان کی بھارتی براڈ کاسٹرز کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں اگلے نشریاتی سرکل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس میں آئی سی سی کی جانب سے میڈیا اور ڈیجیٹل رائٹس کی ایک ساتھ بڈ دینے کی بھی اجازت شامل تھی۔

اس موقع پر براڈکاسٹرز کی جانب سے 2025 میں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سیاسی کشیدگی کی وجہ سے شاید بھارتی ٹیم جانے سے انکار کردے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے آئی سی سی آفیشلز نے انھیں مطمئن کردیا تاہم اس بارے میں مزید تفصیل ظاہر نہیں کی گئی، براڈ کاسٹرز کی جانب سے 2024 میں ویسٹ انڈیز اور امریکا میں مشترکہ طور پر شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے اوقات کار کے حوالے سے تحفظات ظاہر کیے گئے، جس پر آئی سی سی آفیشلز نے انھیں یقین دلایا کہ بھارتی ٹیم کے تمام میچز ملکی پرائم ٹائم میں منعقد ہوں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے 4 برس کیلیے بھی نشریاتی حقوق پیشکش کی آفر ہوئی تاہم پارٹیز بدستور 8 سال تک رائٹس حاصل کرنے کی بڈز دے سکتی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ایونٹس کے نشریاتی حقوق کی بڈ 1.9 بلین ڈالر تک لگ سکتی ہے تاہم ہر سال میگا ٹورنامنٹ کی وجہ سے یہ رقم ڈبل بھی ہونا ممکن ہے، بڈنگ کا باقاعدہ عمل جولائی میں شروع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔