جامنی ٹماٹر

جینیاتی تبدیلیوں سے حاصل شدہ پیداوار عام ٹماٹروں سے زیادہ صحت بخش ہے


ع۔ر February 28, 2014
کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں اُگائے گئے ان جامنی رنگ کے ٹماٹروں سے اندازا دو ہزار لیٹر رس حاصل کیا جاسکتا ہے۔ فوٹو : فائل

برطانوی سائنس دانوں نے جینیاتی تبدیلیوں کے ذریعے جامنی یا ارغوانی رنگ کے ٹماٹر کی پیداوار میں کام یابی حاصل کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ عام سرخ ٹماٹروں کے مقابلے میں انسانی صحت کے لیے زیادہ مفید ہیں۔ برطانیہ میں جینیاتی طریقے سے اشیاء کی تیاری پر مختلف قسم کی پابندیاں عائد ہیں، اس لیے انہوں نے اس سلسلے میں تحقیق کے بعد ٹماٹر کی پیداوار کے لیے کینیڈا کی زمین استعمال کی ہے۔ کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں اُگائے گئے ان جامنی رنگ کے ٹماٹروں سے اندازا دو ہزار لیٹر رس حاصل کیا جاسکتا ہے۔ سائنس داں ان ٹماٹروں کے جوس کی افادیت اور اس صحت بخش ہونے پر مزید تحقیق کریں گے اور اس کے بعد ان کی عام فروخت کے لیے متعلقہ اداروں سے اجازت لی جائے گی۔



ان ٹماٹروں میں دافع سوزش خصوصیت پائی جاتی ہے۔یہ بات چوہوں پر کیے گئے ایک تجربے میں سامنے آئی۔ اس خصوصیت نے چوہوں میں سرطان پھیلنے کی رفتار واضح طور پر کم کردی۔ سائنس دانوں نے اپنے تجربے کے ساتھ یہ بھی دیکھا کہ عام ٹماٹروں کے مقابلے میں یہ دگنے عرصے تک تروتازہ رہتے ہیں۔ ٹماٹروں کا ارغوانی رنگ رس بھری کی مختلف اقسام میں پائے جانے والے ایک مادّے anthocyanins سے لیا گیا ہے۔

ان ٹماٹروں اور ان کے رس کو سرطان، دل کے امراض اور خطرناک بیماریوں پر anthocyanins کے اثرات کا مطالعہ کرنے میں بھی استعمال کیا جائے گا۔ اس مرکب کی حامل دیگر اشیاء پہلے ہی جلد کے سرطان کی ادویہ بنانے میں استعمال کی جارہی ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی اس جینیاتی قسم سے دنیا بھر میں اسے استعمال کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں