شیریں مزاری مفتی بننے کی کوشش نہ کریں حافظ حمد اللہ

پی ڈی ایم ترجمان کا پی ٹی آئی رہنما کے ٹویٹ کا نوٹس لینے کا مطالبہ


ویب ڈیسک April 24, 2022
چار سال عمران نیازی امر بالمعروف کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتا رہا، حافظ حمد اللہ

کراچی: پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کے ٹویٹ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیریں مزاری صاحبہ مفتی بننے کی کوشش نہ کریں۔

اپنے ایک بیان میں جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب پی ٹی اے کو حکم دیں کہ مذہبی منافرت اور تشدد پر اکسانے والے ٹویٹس اور ٹویٹر ہینڈل بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری پہلے دین کا علم حاصل کریں، پھر خود کو آئینے میں دیکھیں تو ''امر بالمعروف'' اور ''و نہی عن المنکر'' کا مطلب سمجھ آجائے گا، چار سال عمران نیازی امر بالمعروف کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتا رہا اور شیریں مزاری کو بات کرنے کی جرات نہ ہوئی۔

ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ بیت المال کا پیسہ کھا کر امربالمعروف کے لیکچر سے بڑی اور کیا دین کی توہین ہوسکتی ہے؟ عمران نیازی کہتا تھا کہ سڑکیں بنانے سے قوم نہیں بنتی، اس نے بیت المال کی گھڑی اور تحفے بیچ کر گھر کی سڑک بنا لی، شیریں مزاری بتائیں کہ دین میں عادی جھوٹے کی کیا سزا ہے؟ ہم عورت کے لیے اسلام کے احکامات اور عزت کی تلقین کی وجہ سے صبر کرتے ہیں، ہمیں مجبور نہ کریں۔

حافظ حمد اللہ نے کہا کہ خود کو لبرل کہنے والا پی ٹی آئی کا ٹولہ مذہب کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے، امر بالمعروف کی آپ کو عزت ہوتی تو ختم نبوت پر اس طرح میدان سے نہ بھاگ جاتے جبکہ عمران نیازی سیاست کا ابوجہل ہے، جسے نہ سچ دکھائی دیتا ہے اور نہ وہ اس پر عمل کرنے کی جرات رکھتا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ اگر کسی سیاسی مخالف کی جان کو تشدد پر اکسانے والے بیانات کے نتیجے میں کوئی نقصان پہنچا تو عمران نیازی اور شیریں مزاری ذمہ دار ہوں گے، سیاست کی خاطر دین کی غلط تشریح بھی اسلام میں ایک جرم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں