شہباز شریف کی حکومت بھی پی ٹی آئی کی ڈگر پر چل پڑی ہے سراج الحق

سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں دیانتدار حکومت آجائے تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں رہے گی۔

سراج الحق کی شہباز شریف حکومت پر تنقید

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کو گندگی کا ڈھیر بنایا جارہا ہے، شہباز شریف حکومت بھی پی ٹی آئی کی ڈگر پر چل نکلی ہے۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پنجاب یونیورسٹی میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 74 سال سے ظلم کا نظام نافذ ہے، صرف حکومت اور چوکیدار بدلتے ہیں، نظام نہیں بدلا جا رہا، کل پی ٹی آئی کی حکومت تھی تو آج ن لیگ کی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک میں خود انحصاری کی پالیسی لانے کے لئے نظام میں زکو و عشر کا نظام نافذ کیا جائے تو کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے وفاقی حکومت کے اقدامات پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے حلف اٹھاتے ہی اپنا وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے امریکا بھیج دیا ہے، اگر پاکستان کی حکمرانی دیانتدار جماعت کو مل جائے تو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔


امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاست کو گندگی کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے، گالی گلوچ کی سیاست فروغ پا رہی ہے اور لیڈر و کارکن جلسوں، گلی محلوں اور ایوانوں میں گالیاں دیتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم بے حیائی کا مقابلہ، حیا کے کلچر سے کریں گے۔

سراج الحق نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام کے ردعمل کو قبرستان جیسی خاموشی قرار دیا حالانکہ ہم بہادر اور اسلامی قیادت سے یہ ہم عالمی استعمار کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا مودی کا مقبوضہ کشمیر میں عوام نے بائیکاٹ کیا ہے مگر ہمارے حکمران بے حس ہیں۔
Load Next Story