کراچی سے ایک اور جواں سال لڑکی لاپتا

لڑکی 22 اپریل کو شام 7 بجے گھر کے قریب ٹیوشن پڑھانے گئی تھی لیکن واپس نہیں آئی، اہل خانہ کی درخواست

(فوٹو : فائل)

کراچی میں دعا زہرہ اور نمرہ کے بعد ایک اور جواں سال لڑکی (د) مبینہ طور پرلاپتا ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سے دعا زہرا اور نمرہ کے لاپتا ہونے کے بعد اب کراچی سے ایک اور جواں سال لڑکی مبینہ طور پر لاپتا ہوگئی ہے، لڑکی کے اہل خانہ نے تلاش کے لیے پولیس سے مدد مانگ لی۔


اہل خانہ نے ڈسٹرکٹ شرقی کے تھانہ سولجر بازار میں درخواست دے دی ہے جس میں تحریری طور پر بتایا گیا کہ لاپتا ہونے والی لڑکی 22 اپریل کو شام 7 بجے گھر کے قریب ٹیوشن پڑھانے گئی تھی لیکن واپس نہیں آئی، لڑکی کا موبائل فون بھی بند ہے، لڑکی کو اپنے طور پر کافی تلاش کیا لیکن نہیں ملی، لڑکی کو تلاش کرنے میں ہماری مدد کی جائے، فی الحال وہ قانونی کارروائی کرنا نہیں چاہتے ہیں اطلاع کے طور پر تھانے میں درخواست دی ہے۔

دوسری جانب سولجر بازار پولیس نے بتایا کہ پولیس نے درخواست موصول ہونے کے بعد لڑکی کی تلاش شروع کردی ہے لیکن اب تک پولیس کوکوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

یہ پڑھیں : کراچی سے لاپتا دعا زہرہ مل گئی، لاہور میں شادی کرلی
واضح رہے کہ کراچی سے گزشتہ 10 روز میں 3 لڑکیاں مبینہ طور پر لاپتا ہوئیں۔ 16 اپریل کو الفلاح تھانے کے علاقے گولڈن ٹاؤن سے دعا زہرہ لاپتا ہوئی جس کا پتا چل گیا کہ اس نے لاہور میں نکاح کرلیا، 20 اپریل کو ملیر سعود آباد سے نمرہ کاظمی لاپتا ہوگئی تاہم اس کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا۔
Load Next Story