مریم نواز کو عمرے کیلیے پاسپورٹ واپس نہ ملنے پر نیب سے جواب طلب
نیک کام ہے مریم کو جانے دیا جائے،وکیل، ’’نیکی کر دریا میں ڈال‘‘ جسٹس علی باقر نجفی کے ریمارکس پر عدالت میں قہقہے
لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی عمرے پر جانے کی درخواست پر نیب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی عمرے پر جانے کے لیے پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے وکیل احسن بھون نے کہا کہ مریم نواز کو عمرے پر جانا ہے، آخری عشرہ ہے رحمتوں اور نیکیوں کا مہینہ ہے انہیں جانے دیا جائے۔
وکیل احسن بھون نے کہا کہ مریم نواز کی اس عدالت کے سامنے درخواست صرف پاسپورٹ کی واپسی کی حد تک ہے، ای سی ایل میں نام کے حوالے سے حکومت خود دیکھے گی، آخری عشرہ ہے مریم نواز عمرہ پر جانا چاہتی ہیں اور یہ نیکی کا کام ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ نیکی کر دریا میں ڈال جس پر عدالت میں قہقہہ لگ گیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ ای سی ایل کے حوالے سے جو رولز بنے ہیں وفاقی حکومت وہ پیش کرے۔
عدالت نے وفاقی حکومت کو ای سی ایل کے نئے رولز پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مریم نواز کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرکے کل جواب طلب کرلیا اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔