حکومت نے وزیراعظم کی عمرہ کیلئے سرکاری خرچ پر جانے سے متعلق خبروں کی تردید کردی
سابق وزیر اطلاعات کو صحافیوں کے خلاف ایسا بے ہودہ بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے، مریم اورنگزیب
ISLAMABAD:
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان خبروں کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف چارٹرڈ طیارے میں عمرہ کے لیے سرکاری خرچ پر سعودی عرب جارہے ہیں۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اطلاعات کو صحافیوں کے خلاف ایسا بے ہودہ بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے، وزیراعظم کسی چارٹرڈ جہاز پہ نہیں جا رہے، فیک نیوز پی ٹی آئی کی پہچان اور جھوٹ طرہ امیتاز ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پہلے یہ تو جان لیتے کہ کوئی صحافی سرکاری خرچ پر نہیں جارہا، وزیراعظم شہباز شریف بھی کمرشل پرواز پر جا رہے ہیں، شہباز شریف اپنےذاتی خرچ پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔
۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بطور وزیر اعلیٰ پنجاب 10 سال تک بیرون ملک سفر کے اخراجات ذاتی جیب سے کرتے رہے ہیں لیکن سچائی اور پی ٹی آئی دو متضاد چیزیں ہیں، میڈیا نے چونکہ احسان کیا تھا عمران خان نے 4 سال اپنے شَر سے میڈیا کو اُس کا خوب بدلہ دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تو چینل، پروگرام اور کالم بند کروائےاور صحافیوں کی پسلیاں توڑتے تھے، اقتدار سے رسوا ہوکر نکلنے کے بعد اب الزامات کی گولیاں چلارہے ہیں، صحافیوں کو کبھی سازش میں ملوث کرتے ہیں تو کبھی دوروں کے جھوٹے ٹوئٹ چلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو 4 سال میں عوام کا آٹا، چینی، ادویات، روزگار، معیشت، بجلی، تیل گیس سب کچھ کھاگئے، انہیں صحافیوں کے کھانوں پر تکلیف ہورہی ہے، ایک ٹوئٹ توشہ خانے کی گھڑی، ہار اور انگوٹھیوں پر بھی کردیں لیکن اس کے لیے ضمیر کا جاگنا شرط ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4 سال عمران صاحب نے کفایت شعاری کا جو ڈرامہ کیا، وہ آج تاریخ کے سب سے زیادہ تجارتی خسارے کی شکل میں سب کے سامنے آیا ہے اس لیے لیے اپنے لیکچر اپنے پاس رکھیں، بھینسوں کی نیلامی، انڈے مرغی کٹوں کے تماشے کرنے والے جھوٹ کی دکان چلانا بند کریں۔