عمران خان کی آئندہ الیکشن تک عوام کو اسلام آباد میں دھرنے کی ہدایت

پارٹی بنانے کا مقصد خوددار پاکستان ہے جو کسی کی غلامی نہ کرے اور ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو، سابق وزیر اعظم عمران خان

عمران خان کا پی ٹی آئی کے 26 ویں یوم تاسیس پر خصوصی پیغام

سابق وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو آئندہ الیکشن کے اعلان تک اسلام آباد میں دھرنا دینے کیلئے تیار رہنے کا پیغام دے دیا۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر جاری خصوصی ویڈیو پیغام میں کیا، جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کارکنان کو 26 ویں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی۔

عمران خان کا ویڈیو پیغام سابق وزیر مواصلات مراد سعید نے ٹوئٹر پر شیئر کیا، جس میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی بنانے کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست کے مطابق نیا پاکستان بنانا ہے، ہماری پارٹی کے 3 اہم اصول ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پہلا اصول: خوددار پاکستان جو کسی کی غلامی نہ کرے اور ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو، دوسرا فلاحی ریاست اور تیسرا قانون کی بالادستی کیوں کہ قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

ویڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کارکنوں اور قوم کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ چند ہفتوں میں اسلام آباد آنے کی کال دیں گے اور جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا سب نے اسلام آباد میں بیٹھنا ہے۔

Load Next Story