سونم کپور نے ’’ڈولی کی ڈولی ‘‘ کیلیے اداکاری سیکھنا شروع کردی

تربیتی ورکشاپ میں پلکت سمراٹ ، راجکمار راؤ اور ورن شرما بھی شریک ہیں، پروڈیوسر ارباز خان


Showbiz Desk February 28, 2014
ورکشاپ کا انعقاد اچھا اقدام ہے، اس سے اداکار کو اپنے کردار کے متعلق اچھی طرح معلوم ہوجاتا ہے اور ریہرسل کا وقت بچتا ہے، سونم کپور فوٹو: فائل

LONDON: بالی ووڈ اداکارہ سونم کپورجوگزشتہ برس ہدایتکارآنند لال رائے کی فلم ''رانجھنا '' میں کام کرنے سے پہلے تھیٹر اداکاروں کے ساتھ اداکاری کی تربیتی ورکشاپ میں حصہ لے چکی ہیں ایک مرتبہ پھر اپنی نئی فلم ''ڈولی کی ڈولی'' کے لیے اداکاری کی تربیتی ورکشاپ میں شرکت کررہی ہیں۔

زرائع کے مطابق اس تربیتی ورکشاپ میں اداکارہ کے ساتھ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنیوالے پلکت سمراٹ ، راجکمار راؤ اور ورن شرما بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ فلم کے ہدایتکار ابھشیک ڈوگرا نے پہلی مرتبہ اپنی فلم کے لیے یہ شیڈول بنایا ہے اور تمام اداکار شوٹنگ شروع ہونے سے قبل ان کی ہدایت پر ورکشاپ میں باقاعدگی سے شرکت کررہے ہیں اس سلسلہ میں ہدایتکار ابھشیک ڈوگرا کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ دہلی کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں کی جائے گی اور سونم جو فلم میں '' ڈولی ''مرکزی کردار اداکررہی ہیں اور انھیں مختلف علاقوں میں جاکر وہاں کی خواتین کے بہروپ میں کام کرنا ہے کے لیے بہت ضروری ہے کہ وہ ان علاقوں کی رہنے والی خواتین کے لہجے اور رسوم رواج اور دیگر حالات سے واقفیت حاصل کریں۔

سونم کپور کا کہنا تھا کہ تربیتی ورکشاپ کسی بھی فلم کے لیے اہم اقدام ہوتی ہے اور میرے مطابق ہر فلمساز اور ہدایتکار کو شوٹنگز شروع کروانے سے قبل ایسا کرنا چاہیے کیونکہ ان سے اداکار کو اپنے کردار کے متعلق کافی کچھ معلوم ہوجاتا ہے اور جو وقت سین کی عکس بندی سے قبل ریہرسل میں ضائع ہوتا ہے اس سے بچا جاسکتا ہے۔

میری آنے والی فلم ڈولی کی ڈولی کے لیے تربیتی ورکشاپ کا اہمتام بہت اہم تھا اور مجھے اس پر بہت خوشی ہے کہ ہدایتکار ابھشیک ڈوگرا اور پروڈیوسر ارباز خان نے اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ورکشاپ کا انعقاد کیا ۔ سونم کپور کا کہنا تھا کہ ایک ہی طرح کے کردار کرنا پسند نہیں کرتی ۔ میری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ایسی فلموں میں کام کروں جن میں نیا پن ہو مجھے کچھ کر دکھانے کا موقع مل سکے ۔ ارباز خان کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی فلم ''ڈولی کی ڈولی'' ایسی ہی فلم ہے جس میں کامیڈی کے ساتھ ساتھ دیکھنے والوں کے لیے ایک سبق بھی ہے۔ اپنے کردار کے متعلق ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ میں ابھی تک زیادہ تر سلجھے ہوئے کردار ادا کیے ہیں اور یہ پہلی مرتبہ ہے کہ میں ایک ایسی لڑکی کے کردار میں سامنے آرہی ہوں جو آزاد خیال اور لوگوں کو شادی کے نام پر لوٹنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔ مجھے یقین ہے کہ شائقین مجھے اس کردار میں دیکھ کر بھی پسند کریں گے۔

اداکار پلکت سمراٹ تربیت ورکشاپ میں شرکت سے بہت خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے مجھے سیٹ پر جانے سے پہلے اپنی خامیوں پر قابو پانے اور اپنے کردار کو بہتر طور پر اداکرنے سے بہت زیادہ مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کسی بھی فلم کی شوٹنگ کے لیے سیٹ پر جانے سے پہلے تین یا اس سے بھی مرتبہ اپنے کردار کی ریہرسل کرتا ہوں جس دوران بعض اوقات بہت زیادہ وقت ضائع ہوتا ہے مگر اس ورکشاپ کی بدولت وقت کی کافی بچت ہو جائے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ میں اور سونم کپور پہلی مرتبہ کسی فلم میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں اور میں ان کے ساتھ سینما اسکرین پر نظر آنے کے لیے سخت بے تاب ہوں جب کہ اداکار راجکمار راؤ کا کہنا ہے کہ یہ ورکشاپ دنیا بھر میں فلم کے لیے کمرشل طور پر بہت فائدہ مند ہوگی۔ ورکشاپ کے سلسلہ میں فلم کے پروڈیوسر ارباز خان کا کہنا ہے کہ ہم نے پہلے فلم کے اسکرپٹ کو مل کر دیکھا اور سمجھا ہے اور اس کے بعد تربیتی ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ مارچ یا اپریل کے وسط تک شروع ہو جائے گی جو بغیر کسی وقفہ کے مختلف ریاستوں میں کی جائے گی۔

دریں اثنا سونم کپور جو ہدایتکار نوپور استھانہ کی فلم ''بیوقوفیاں'' میں بھی جلوہ گر ہورہی ہیں۔ اس فلم میں ان کے ساتھ ایوشمان کھرانہ مرکزی کردار ادا کررہے ہیں گزشتہ روز اس فلم کا ٹائٹل سانگ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ فلم میں رشی کپور بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس فلم کو 14 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ ادھر سونم کپور اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان کی ہیروئن بننے جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ فلم رئیس میں شاہ رخ خان کے ساتھ رومانوی کردار ادا کریں گی فلم میں فرحان اختر بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق راہول ڈھولکیا کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی فلم رئیس میں شاہ رخ خان گجرات کے ایک ڈان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس سلسلہ میں سونم کپور کا کہنا ہے کہ میں کسی فلم میں شاہ رخ خان ، سلمان خان اور عامر خان کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھی جو اب رئیس کے ذریعہ پوری ہونے جا رہی ہے۔ راہول ڈھولکیا کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اس فلم میں نامور اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہوں۔ امید ہے کہ ان سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی زیادہ تر فلموں کے اوسط درجے کی رہنے پر کوئی زیادہ افسوس نہیں ہے کیونکہ اگر اس چیز کو مثبت طور پر دیکھا جائے تو یہ بھی میری ترقی کا ہی ایک حصہ ہے کہ میں ایک ناکام اداکارہ کے طور پر اپنی پہچان نہیں بنارہی ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔