پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کیخلاف ملک گیر احتجاج چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد میں ریڈ زون کے اندر اور باہر اینٹی رائٹ فورس کے خصوصی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔


ویب ڈیسک April 26, 2022
اسلام آباد میں ریڈ زون کے اندر اور باہر اینٹی رائٹ فورس کے خصوصی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔ فوٹو:فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر الیکشن کمیشن کے صوبائی دفاتر کے سامنے تحریک انصاف نے دھرنا دے دیا۔

احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کیے جانے کے باعث تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی علی نواز اعوان کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنان نادرا چوک پر احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے اعلان کے بعد اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ریڈ زون میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی طرف سے دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ سیاسی جماعتوں اور شہریوں سے اپیل ہے کہ ریڈ زون میں احتجاج نہ کیا جائے۔

دوسری جانب کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ آفس کے سامنے پی ٹی آئی کا احتجاج بھی جاری ہے جس میں اراکینِ سندھ اسمبلی اور کارکنان شریک ہیں اور شرکاء کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔

پشاور میں پی ٹی آئی ورکرز کا الیکشن کمیشن کے صوبائی دفترکے سامنے احتجاج کیا جارہا ہے جس میں پی ٹی آئی کارکنوں نے چیف الیکشن کمشنر کی تصاویر اٹھارکھی ہے اور ان کے خلاف نعرہ بازی کی جاری ہے۔

پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار ہیں اور انہیں فوری ہٹایا جائے۔

گوجرانوالہ میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کا ضلعی الیکشن کمشنر افس کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں پی ٹی آئی کارکنان ریلیوں کی صورت الیکشن کمشنر آفس کے سامنے پہنچے اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے۔

اسی طرح گجرات میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے ضلعی صدر چوہدری سلیم سرور جوڑا کی قیادت میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج کیا جس میں کارکنان چیف الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں