عمران خان نے عدم اعتماد سے بچنے کے لیے زرداری کی منتیں کیں مریم نواز

عمران خان نے عدم اعتماد سے بچنے کے لیے آخری منٹ تک اسٹیبشلمنٹ کے پاؤں پکڑے، مسلم لیگ ن کی نائب صدر


ویب ڈیسک April 27, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان آخری وقت تک تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے آصف زرداری اور اسٹیبشلمنٹ کی منتیں کررہے تھے۔


لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ سیاست کا سب سے بڑا نوسر باز جھوٹا، ڈیلر دنیا کے سب سے بڑے سازشی کا نام عمران خان ہے اس کا نیا نام توشہ خان ہے، جو کہتا تھا نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی اب رو رہا کہ لندن میں بیٹھ کر میری حکومت ختم کردی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف وزیراعظم تھے یہ ان کے خلاف سازشیں کرتا تھا انہوں نے کہا تھا کرکٹ کھیلو سیاست تمہارے بس کی بات نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تم کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم آج اسی کا شہباز وزیراعظم ہے اور حمزہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ تم نے نواز شریف سے کیا مقابلہ کرنا ہے تمہاری شہباز شریف سے ٹانگیں کانپتی ہیں، توشہ خان اور شہباز شریف کا کوئی موازنہ نہیں، وہ صبح سے اٹھ کر ملک کے لیے محنت کرتے ہیں اور تم صرف ڈرامے بازی کرتے تھے، عمران خان نے اقتدار کے خاتمے کے ڈر سے ہزارہ برادری کے زخموں پر مرہم تک نہیں رکھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال میٹرو کو بند رکھا جسے شہباز شریف نے چار دن میں چلادیا، میری بات یاد رکھنا اس سے بڑی کسی حکومت کی ناکامی نہیں ہو سکتی کے س کے نامہ اعمال میں ایک منصوبہ بھی نہ ہو۔

مریم نواز نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ وہ صرف ایک منٹ اپنی کارکردگی دیکھانے میں میرا چیلنج ہے لیکن یہ ایک لفظ نہیں بول سکتا، یہ آج جل انتخابات کا راگ کیوں الاپ رہا ہے یہ ڈرامہ پورا پاکستان جانتا ہے، عمران خان آخری دن تک اقتدار سے اس لیے چمٹا رہا کہ میرے بعد ن لیگ اقتدار میں آ گئی تو کرپشن کے کارنامے، نااہلی اور نالائقی عوام کے سامنے آجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج بہت سارے حساب برابر کرنے ہیں، عوام کی جعلی حکومت سے جان چھوٹ چکی ہے، 2018 کا مینڈیٹ چوری کرنے والے کو گھر بھیج دیا ہے، عمران نیازی سے قوم کی جان چھوٹ چکی ہے، پنجاب کے عوام نے اپنا مینڈیٹ واپس لے لیا ہے۔

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر نے مزید کہا کہ عمران خان عدم اعتماد سے بچنے کے لیے آخری منٹ تک منتیں کرتا رہا، کبھی اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑے، کبھی زرداری کی منت کرتا رہا، عمران خان صاحب رونا دھونا بند کرو، اب عوام کی طاقت ن لیگ کے ساتھ کھڑی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں