انڈر 19 ورلڈ کپ بنگلہ دیش نے پلیٹ چیمپئن شپ ٹائٹل پر قبضہ جما لیا

کیویز ناکام،بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 46 رنز سے مات دے کر پانچویں پوزیشن پائی


Sports Desk February 28, 2014
انڈر 19 ورلڈ کپ : پلیٹ چیمپئن شپ فائنل میں بنگلہ دیشی بیٹسمین شادمان اسلام چوکا لگارہے ہیں۔ فوٹو: آئی ڈی آئی

بنگلہ دیش نے چوتھی مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے پلیٹ چیمپئن شپ ٹائٹل پر قبضہ جما لیا، ٹائیگرز نے نیوزی لینڈ کو فائنل میں 77 رنز سے پچھاڑا۔

بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 46 رنز سے مات دے کر پانچویں پوزیشن پائی، ٹیگنرائن چندرپال کی سنچری رائیگاں رہی، افغانستان نے سری لنکا کو 5 وکٹ سے ہرا کر ساتویں نمبر پر ایونٹ کا اختتام کیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری یوتھ میگا کپ کا پلیٹ چیمپئن شپ ٹائٹل بنگلہ دیش کے نام رہا، وہ اس سے قبل 1998، 2004 اور 2010 میں یہ اعزاز حاصل کرچکا ہے۔ گذشتہ روز فائنل میں ٹیم نے 47 اوورز میں 223 رنز بنائے، اوپنر شادمان اسلام نے اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے 97 رنز اسکور کیے جبکہ لتن داس نے 79 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا، دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 124 رنز کی شراکت بھی ہوئی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 9 وکٹ پر 146 رنز ہی بنا پائی، بریٹ رینڈل نے ناٹ آئوٹ51 رنز اسکور کیے، مصدق حسین نے 23 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شادمان نے مجموعی طور پر ایونٹ میں اب تک سب سے زیادہ 406 رنز بنائے ہیں، پاکستان کے امام الحق 370 دوسرے اور جنوبی افریقی کپتان ایڈین مارکرم 307 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، ان دونوں کی ٹیموں کو ہفتے کے روز فائنل میں ایک دوسرے کا سامنا کرنا ہے۔ ادھر شارجہ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچویں چھٹی پوزیشن کے میچ میں 46 رنز سے کامیابی حاصل کی، فاتح سائیڈ نے 8 وکٹ پر ایونٹ کا اب تک کا سب سے بڑا ٹوٹل 340 اسکور بورڈ پر سجایا، انکش بینز نے 74 اور سنجو سیمسن نے 67 رنز بنائے، جواب میں شیونرائن چندرپال کے بیٹے ٹیگنرائن کے 112 رنز کے باوجود ویسٹ انڈین ٹیم 8 وکٹ پر 294 رنز بنا پائی۔ تیسرا انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلنے والی افغانستان کی ٹیم نے سری لنکا کو 5 وکٹ سے مات دی۔ زمبابوے نے میزبان یو اے ای کو 84 رنز سے شکست دے کر 16 ٹیموں کے ایونٹ میں 11ویں پوزیشن پائی۔ جمعے کو تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کا سامنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |