سری لنکا کمزور بھارتی بولنگ کی دھجیاں اڑانے کا منتظر

اس بار بولرز زیادہ بہتر پرفارم کریں گے، مالنگا پر انحصار ہوگا، میتھیوز

اس بار بولرز زیادہ بہتر پرفارم کریں گے، مالنگا پر انحصار ہوگا، میتھیوز۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ایشیا کپ میں بھارت اور سری لنکا کا مقابلہ جمعے کو ہوگا، آئی لینڈرزکمزور حریف بولنگ کی دھجیاں اڑانے کے منتظر ہیں، بنگلہ دیشی کنڈیشنز میں ٹاس کا کردار اہم ہے۔


ویرت کوہلی کی بطور کپتان پہلی بڑی آزمائش ہوگی، آئی لینڈرز کی جانب سے پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں، بھارت ورون ارون کی جگہ ایشور پانڈے کو کھلا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور سری لنکا کو ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 144 میچز میں مقابلے کا اعزاز حاصل ہے، دونوں ٹیمیں نئے کپتانوں کی قیادت میں ایک دوسرے پر حملہ آور ہوں گی۔ بھارتی سائیڈ عام طور پر اپنے کمبی نیشن کو نہیں چھیڑتی مگر پہلے میچ میں ورون ارون کے ناکام رہنے کی وجہ سے ایشور پانڈے کو موقع مل سکتا ہے، پاکستان ٹیم کو 12 رنز سے زیر کرنیوالی سری لنکن الیون میں تبدیلی کا امکان نہیں لگتا۔ اس ایونٹ کا ہر میچ ہی کافی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ پانچ میں سے صرف 2 ٹاپ سائیڈز کو فائنل کھیلنا ہے۔

بھارتی اسپنر ایشون کو ون ڈے وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کیلیے مزید2 شکار درکار ہیں،اگر وہ اپنے اس77ویں میچ میں یہ کارنامہ انجام دے دیتے ہیں تو پھر تیز رفتاری سے اس سنگ میل تک پہنچنے والے ساتویں بھارتی ہوں گے، عرفان پٹھان اس فہرست میں 59 میچز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کی وجہ سے ٹاپ پر ہیں۔ اجنکیا راہنے کا کہنا ہے کہ بولنگ ہمارے لیے مسئلہ نہیں،اس بار بولرز زیادہ بہتر پرفارم کرینگے۔ دوسری جانب سری لنکا کی امیدیں لسیتھ مالنگا سے جڑی ہیں جنھوں نے پاکستان کے خلاف پانچ وکٹیں لیں، کپتان انجیلو میتھیوز نے کہاکہ دبائو کی صورتحال میں ہمارا مالنگا پر انحصار ہوتا ہے، وہ کئی برس سے ہمارے سب سے اہم بولر ہیں۔
Load Next Story