میانداد آئی سی سی ایوارڈ تقریب میں شرکت نہیں کرینگے

بحیثیت ڈی جی بورڈکولمبو جارہا ہوں،ٹیم کے معاملات کی دیکھ بھال کروںگا،سابق قائد


Sports Reporter September 13, 2012
بحیثیت ڈی جی بورڈکولمبو جارہا ہوں،ٹیم کے معاملات کی دیکھ بھال کروںگا،سابق قائد۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئی سی سی ایوارڈ تقریب میں شرکت نہیں کرینگے۔

انھوں نے کہا کہ وہ تقریب کے دوران کولمبو میں موجود ضرور ہونگے تاہم شرکت کا کوئی ارادہ نہیں۔ وہ روانگی سے قبل نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کررہے تھے۔ واضح رہے کہ مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل کو آئی سی سی ایوارڈ کی تینوں کیٹیگریز سے خارج کرنے پر پی سی بی حکام برہم ہیں، انھوں نے باضابطہ طور پر آئی سی سی سے اس ناانصافی پر احتجاج بھی کیا جبکہ کچھ حلقوں نے بورڈ حکام کو تقریب کے بائیکاٹ کا مشورہ دیا ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ میں ٹیم کے معاملات کی دیکھ بھال کرنے جارہا ہوں، میرا آئی سی سی ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور نہ مجھے علم ہے کہ پی سی بی کی جانب سے کون جائے گا۔

میانداد نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں قوم کی توقعات پر اترے گی۔ انھوں نے پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میگا ایونٹ میں کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سابق عظیم بیٹسمین نے کہا کہ میں بحیثیت ڈی جی کرکٹ بورڈ جا رہا ہوں اورٹیم کے معاملات کی دیکھ بھال کرنے کے ساتھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرونگا،5 روزہ دورے میں وارم اپ میچز اور پریکٹس کے دوران بیٹسمینوں کی تکینک بہتر بنانے پرٹپس دے سکتا ہوں،کوچنگ کا کام کیمپ میں ہوسکتا ہے ٹورنامنٹ کے دوران ممکن نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں